اوسلو (عقیل قادر) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات شاہ ان دنوں ناروے کے غیر سرکاری دورہ پر ہیں اورپاکستانی کمیونٹی کی شخصیات اور تنظیمات ان کے اعزاز میں مختلف تقریبات کا انعقاد کر رہی ہیں۔ اوسلو کی معروف سماجی شخصیت مرزا اورنگزیب بیگ کی رہائش گاہ پر اوسلو کی ممتاز مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیات نے پیر امین الحسنات شاہ سے ملاقات کی جن میں خصوصی طور پر پاک ناروے فورم کے چیف آرگنائزر چوہدری اسماعیل سرور شامل ہیں۔ چوہدری اسماعیل سرور نے پیر امین الحسنات شاہ سے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی اور ان مسائل کو حل کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر انہوں نے پیر امین الحسنات کو ایک تحریر ی خط بھی پیش کیا اور درخواست کی کہ اس خط کو متعلقہ اداروں تک پہنچائیں تاکہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل میں کمی واقع ہو۔ چوہدری اسماعیل سرور نے صحافیو ں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے پیر امین الحسنات شاہ سے پاکستان میں قبضہ گروپس کے ز مینوں اور گھروں پر ناجائز قبضے، ایئرپورٹس پر درپیش مسائل، پاکستان اوریجن کارڈکے تکنیکی مسائل ، جھوٹے اور دیوانی مقدمات ، تھانوں، کہچریوں اور عدالتوں میں حصول انصاف کے لیے سالوں سال خوار ی اور سب سے بڑھ کر اسلحہ لائسنس کا اجراء کرنے والے محکمے کے پاس پاکستان اوریجن کارڈ کی تصدیق کرنے کا کوئی انتظام نہ ہونا جیسے مسائل پر گفتگو کی ہے۔چوہدری اسماعیل سرور نے مزید بتایا کہ پیر امین الحسنات شاہ نے ان کی تجاویز کو غور سے سنا اور کہا کہ یہ تمام امور ان کی نگرانی میں نہیں آتے مگر وہ ان مسائل کو متعلقہ فورمزتک پہنچائیں گے اور انکو حل کرانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔