تارکین وطن کی خبریں
ناروے۔ واقعہ کربلا رہتی دنیا تک حق اور سچ کے پرستاروں کے لیے ہدایت فراہم کرتا رہے گا۔ علامہ فرحت حسین شاہ

اوسلو(عقیل قادر) بزم نقشبند اوسلو کے زیر اہتمام شہدائے کربلا کی یاد میں ایک روحانی محفل منعقد کی گئی جس میں بڑی تعداد میں عاشقان اہل بیت ذکر حسینؓ کی یاد منانے کے لیے جمع ہوئے۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی پاکستان سے تشریف لائے ہوئے منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی صدر سید فرحت حسین شاہ تھے ۔ انہوں نے ایک انتہائی فکری خطاب کیا اور شہدائے کربلا اور اہل بیت اطہار سے رشتے کی عظمت و فیضلت بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ میرے جانے کے بعد میں آپ میں دو چیزیں چھوڑ کر جا رہا ہوں۔ ایک قرآن اور دوسری میری اہل بیت۔ ان دونوں چیزوں کومضبوطی سے تھام کر رکھنے میں ہی نجات اور آخرت کی کامیابی ہے۔ ذکر حسینؓ ذکر مصطفی ﷺ ہے اور محبت حسینؓ محبت مصطفی ﷺ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج وقت نے ہمیں ایک ایسے دورائے پر لاکھڑا کیا ہے جہاں ایک طرف حسینی کردار ہے اور دوسری طرف یزیدی، اب ہم پر منحصر ہے کہ ہم کون سی راہ اختیار کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ کربلا میں شہید ہونیوالوں کی زندگی کے سنہری اصولوں کو اپنے لئے مشعل راہ بنانا چاہیے۔ نقابت کے فرائض سید فراست علی شاہ نے احسن انداز میں سر انجام دئیے اور محفل کااختتام درودوسلام سے کیا گیا۔


واپس جائیں