کھیل
پاکستانی فاسٹ بولرز ریورس سوئنگ کا فن بھول گئے

لندن: پاکستانی بولرز اپنی ہی ایجاد کردہ ریورس سوئنگ کا فن بھول گئے جبکہ انگلینڈ نے مہارت حاصل کر لی، کپتان مصباح الحق نے اس کا سبب ناتجربہ کاری کو قرار دیا، ان کے مطابق ہمیں گیند کا زیادہ خیال رکھنا ہوگا، ایک طرف سے چمک برقرار اور دوسری جانب سے پچ کرنے پر ریورس سوئنگ میں مدد مل سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق پاکستانی پیسر سرفراز نواز نے ریورس سوئنگ بولنگ ایجاد کی، بعد میں وسیم اکرم اور وقار یونس نے اس فن میں بھرپور مہارت حاصل کر لی، عمر گل و دیگر بولرز بھی عمدگی سے ایسا کرتے تھے مگر حالیہ دورئہ انگلینڈ میں مہمان بولرز ریورس سوئنگ میں ناکام اور میزبان پیسرز کامیاب ہیں۔

گذشتہ روز پریس کانفرنس میں جب پاکستانی کپتان مصباح الحق سے سوال ہوا کہ کیا گیند سے چھیڑچھاڑ کو قانونی قرار دے دینا چاہیے تو انھوں نے ڈپلومیٹک انداز اپناتے ہوئے کہا کہ ان دنوں کئی ایسے طریقے رائج ہیں جس سے گیند کو قانونی انداز میں ریوریس سوئنگ کیا جا سکتا ہے، جیسے ایک سائیڈ سے گیندکو پرانا کرنا اور دوسری طرف سے چمک برقرار رکھنا، جو ٹیم ایسا بہتر انداز میں کرے اس کے بولرز ریورس سوئنگ میں مہارت پا لیتے ہیں، اب اس انداز کی بولنگ فن بن چکی اور اسے سائنس کا درجہ حاصل ہے۔

ہمیں بھی گیندکا زیادہ خیال رکھنا ہوگا تاکہ بولرز کو مدد مل سکے، ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ انگلینڈ کے پاس جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ کی صورت میں زیادہ تجربہ کار بولرز موجود ہیں، اسی لیے وہ اچھی ریورس سوئنگ کر رہے ہیں، ہمارے پیسرز نے کم کرکٹ کھیلی ان کو سیکھنے میں وقت لگے گا کہ گیند کی دیکھ بھال کیسے کی جاتی ہے، جب وہ درست استعمال سیکھ گئے تو بہترین ریورس سوئنگ کرنے لگیں گے۔


واپس جائیں