کھیل
برمنگھم ٹیسٹ؛ پاکستان کے 400 رنز کے جواب میں انگلینڈ کی بیٹنگ

برمنگھم: تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ کے 297 رنز کے جواب میں قومی ٹیم 400 رنز پر آؤٹ ہوگئی جب کہ انگلش ٹیم کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔

برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ کے تیسرے روز پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے 297 رنز کے جواب میں 400 رنز بناکر آؤٹ ہوئی جس کے بعد انگلینڈ کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔

کھیل کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نا مکمل اننگز 257 رنز 3 وکٹ سے دوبارہ شروع کی یونس خان 21 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے لیکن وہ اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں صرف 10 رنز کے اضافے کے بعد 31 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ اسد شفیق بھی اپنا کھاتا کھولے بغیر ہی کرس براڈ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ مصباح الحق اور سرفراز احمد نے چھٹی وکٹ کیلیے 62 رنز کی شراکت داری قائم کی کپتان 56 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے تاہم سرفراز احمد آخر تک وکٹ پر موجود رہے لیکن دوسری جانب سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، یاسر شاہ اور سہیل خان نے 7 رنز بنائے جب کہ محمد عامر 1 اور راحت علی 4 رنز پر پویلین لوٹے۔ سرفراز احمد 46 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس اور اسٹورٹ براڈ نے 3،3 اور جیمز اینڈرسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

گزشتہ روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں دوسرے دن کے اختتام تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 257 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے سمیع اسلم کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا لیکن محمد حفیظ جیمز اینڈرسن کے پہلے اوور کی چوتھی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز اظہرعلی نے سمیع اسلم کے ساتھ محتاط انداز اپناتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا اور دوسری وکٹ کے لیے 181 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کی لیکن بدقسمتی سے سمیع اسلم 82 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے تاہم اس دوران اظہر علی نے اپنے کریئر کی 10ویں سنچری اسکور کی جس کے بعد انہوں نے پش آپس لگا کر اپنی خوشی کا اظہار بھی کیا وہ دوسرے دن کے آخری اوور میں 139 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ یونس خان 21 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

اس سے قبل کھیل کے پہلے روز انگلینڈ کی پوری ٹیم 297 رنز پرپویلین لوٹ گئی تھی اور گیری بیلنس 75 اور معین علی 63 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جب کہ پاکستان کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سہیل خان نے 5، محمد عامر اور راحت علی نے 2،2 جب کہ یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے، پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست سے دوچار کیا تھا جب کہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔


واپس جائیں