کھیل
وقار یونس ماضی میں وسیم اکرم سے خراب تعلق پر پشیمان

ممبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ وقار یونس نے ماضی میں سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کے ساتھ اپنے خراب تعلقات پر افسوس اور پشیمانی کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک انٹر ویو میں وقار یونس کا کہنا تھا کہ میں وسیم بھائی کا بہت اچھا دوست ہوں اور وہ ہمیشہ میرے لئے بڑے بھائی کی طرح رہے ہیں، وسیم بھائی نے میدان کے اندر اور باہر ہمیشہ میری حوصلہ افزائی کی لیکن ہمارے درمیان کچھ اختلافات بھی رہے، ماضی میں وسیم اکرم کے ساتھ اپنے خراب تعلقات پر بہت افسوس اور پچھتاوا ہوتا ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیئے تھا کیونکہ ہمارے اختلافات سے پاکستان کرکٹ کو کوئی فائدہ نہیں ہوا، صرف میرے اور وسیم اکرم کے درمیان ہی مسائل نہ تھے بلکہ ان دنوں ہماری پوری ٹیم مسائل کا شکار تھی۔

وقار یونس نے کہا کہ میدان سے باہر اِن مسائل سے کم از کم اتنا فائدہ ضرور ہوا کہ ہم کرکٹ کے میدان میں ایک دوسرے سے مقابلہ کرتے اور زیادہ وکٹیں لینے کی کوششیں کرتے لیکن میں یہ ضرور کہوں گا کہ ایسا نہیں ہونا نہیں چاہئے تھا، یہ بہت بری بات تھی لیکن اس وقت ہم جوان تھے اور ہمیں بہت زیادہ معلوم نہیں تھا البتہ اب شاید ہم زیادہ سمجھدار ہوگئے ہیں اور چیزوں کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔


واپس جائیں