برمنگھم: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 ٹیسٹ میچز سیریز کا تیسرا میچ آج سے شروع ہورہا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان 4 میچوں کی سریز 1-1 سے برابر ہے اور تیسرے میچ میں دونوں ٹیمیں برمنگھم کے ایڈبسٹن گراؤنڈ میں پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے ٹکرائیں گی۔ مانچسٹرڈ ٹیسٹ میں 330 رنز سے شکست کے بعد مصباح الیون نے تیسرے ٹیسٹ میں کامیابی کے لئے بھرپور پریکٹس کی ہے اور برمنگھم کی فاسٹ پچ پر 4 کے بجائے 5 بولرز سے کھیلنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب انگلش ٹیم مانچسٹرڈ ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد اپنی کارکردگی برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہے جب کہ کپتان السٹرکک فاتح اسکواڈ کو برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں۔ انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن، اسٹارٹ براڈ اور کرس ووکس بڑا خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں جب کہ بیٹنگ لائن میں کپتان السٹرکک اور مانچسٹرڈ ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے جوئے روٹ گرین کیپس کے لئے مشکلات پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ مصباح الیون مانچسٹرڈ ٹیسٹ میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں بری طرح ناکامی کو بھلا کر بہترین کارکردگی کی خواہاں ہے، بولنگ کو مزید مضبوط کرنے کے لئے پانچویں بولر کو بھی فائنل الیون کا حصہ بنایا جاسکتا ہے جب کہ محمد عامر اور یاسر شاہ گرین کیپس کے قابل بھروسہ ہتھیار ہیں جب کہ بیٹنگ کے شعبے میں کپتان مصباح الحق، یونس خان اور اسد شفیق سے شائقین کو بہر الحال امیدیں وابستہ ہیں۔