کھیل
محمد حفیظ کو آل راؤنڈر کا اسٹیٹس دلانے کی کوششیں تیز

برمنگھم: محمد حفیظ کو آل رائونڈر کااسٹیٹس دلانے کی کوششیں تیزہو گئیں ہیں جس کے بعد وہ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل ایکشن کلیئر کرا سکتے ہیں۔

نومبر 2014 میں نیوزی لینڈ کےخلاف ہوم سیریز کے ابوظہبی ٹیسٹ میں ایکشن رپورٹ ہونے پر محمد حفیظ کو بولنگ سے روک دیا گیا تھا، کلیئر ہونے کے بعد گذشتہ سال جون میں گال ٹیسٹ کے دوران امپائرز نے دوبارہ ایکشن مشکوک قرار دے دیا،آل راؤنڈر چنئی میں 6 جولائی کو ہونے والا بائیومکینک ٹیسٹ کلیئر کرنے میں ناکام رہے اور قواعد کے تحت آئی سی سی نے ان پر ایک سال کی پابندی عائد کردی، یہ مدت ختم ہوچکی اور اب ریویو کی درخواست دی جا سکتی ہے، مگر مارچ میں ہونے والی انجری کی وجہ سے انھیں ایکشن کی اصلاح کیلیے وقت نہیں مل سکا، پی سی بی کی کوشش ہے کہ محمد حفیظ کا بائیومکینک ٹیسٹ انگلینڈ میں ہوجائے تاکہ وہ میزبان ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز میں بطور آل رائونڈر کھیل سکیں۔

آفریدی کی عدم موجودگی میں متوازن اسکواڈ تشکیل دینے کےلیے محمد حفیظ کی اشد ضرورت محسوس ہو رہی ہے، پی سی بی نے ان کے بولنگ ایکشن کی اصلاح کے لیے برطانوی کوچ کارل کرو کی خدمات حاصل کر لی ہیں، انھوں نے ووسٹرشائر سے وارم اپ میچ کے دوران ہی کام شروع کردیا تھا، کارل کرو اس سے قبل ویسٹ انڈین اسپنر سنیل نارائن کا ایکشن کلیئر کرانے میں مدد گار ثابت ہوئے تھے۔

پیر کو برمنگھم میں پریس کانفرنس کے دوران ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بتایا کہ کارل کرو کے ساتھ کام کرنے سے محمد حفیظ کا ایکشن کلیئر ہونے کے قریب ہے، ان کی بطور آل رائونڈر دستیابی سے پلیئنگ الیوں کو متوازن بنانے میں مدد ملے گی، انگلش ٹیم میں کئی لیفٹ ہینڈر ہونے کے پیش نظر ان کی بولنگ پاکستان کیلیے بڑی کارآمد ثابت ہوسکتی ہے، امید ہے کہ حفیظ ون ڈے سیریز سے قبل ایکشن کلیئر کرانے میں کامیاب ہوجائینگے، البتہ اس وقت ان کی پہلی ذمہ داری ٹیسٹ میچز میں عمدہ بیٹنگ ہوگی۔


واپس جائیں