کھیل
اولمپکس؛ بلند عزائم لیے پاکستانی پلیئرزکی ریوروانگی

کراچی / لاہور: اولمپکس میں شرکت کے لیے بلند عزائم لیے پاکستانی پلیئرز ریو روانہ ہو گئے، غلام محمد نے مینزپسٹل شوٹنگ ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کا حق پایا جبکہ ویمنزایئر رائفل ایونٹ میں منہل سہیل قومی پرچم سربلند کریں گی، ان دونوں کے ساتھ ٹیم منیجرکموڈور غضنفر عباس بھی روانہ ہوئے، دوسری جانب دستے کے چیف ڈی مشن شوکت جاوید ایتھلیٹس محبوب علی اور نجمہ پروین نے بھی لاہور سے اڑان بھرلی۔

جوڈو ایونٹ میں اپنی شرکت کو ممکن بنانے والے شاہ حسین شاہ منگل کو جاپان سے براہ راست برازیل کیلیے سفر اختیار کریں گے، سوئمرز حارث بانڈے لندن اور لیانا سوان دبئی سے گیمز میں شرکت کیلیے پہنچیں گے۔تفصیلات کے مطابق دنیائے کھیل کا سب سے بڑا میلہ اولمپکس5اگست سے برازیل میں سجے گا،21تاریخ تک جاری رہنے والے میگا ایونٹ میں شرکت کیلیے پاکستان کی تاریخ کا مختصر ترین دستہ برازیل جارہا ہے، جس میں 7 ایتھلیٹس کے ساتھ10 آفیشلز شامل ہیں، یاد رہے کہ 20 کروڑ کی آبادی پر مشتمل ملک پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی نہیں کر سکا، ورلڈ لیگ میں شرمناک شکستوں کے بعد ہاکی ٹیم کو بھی تاریخ میں پہلی بار اولمپکس سے باہر ہونا پڑا،ایتھلیٹکس مقابلوں میں محبوب علی 400 میٹر میں ملک کی نمائندگی کریں گے جبکہ نجمہ پروین 400 میٹر کے خواتین مقابلوں کے دوران ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

جوڈو کے مقابلوں میں شاہ حسین شاہ 100 کلوگرام میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے، شوٹنگ میں غلام مصطفی بشیر مردوں کے 25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل میں اپنی کارکردگی سے پاکستانی قوم کے دل جیتنے کی کوشش کریں گے، منہل سہیل کا خواتین کے 10 میٹر ایئر رائفل میں صلاحیتوں کا امتحان ہوگا۔ سوئمنگ میں حارث بانڈے مردوں کے400 میٹر فری اسٹائل میں ایکشن میں دکھائی دیں گے جبکہ لیانا سوان خواتین کے 50 میٹر فری اسٹائل میں صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی۔ پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ جانے والے 10 آفیشلز میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر نواز، ڈائریکٹر میڈیکل پاکستان اسپورٹس بورڈ ڈاکٹر وقاراحمد، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل عارف حسن، پی او اے کے جنرل سیکریٹری خالد محمود اورپاکستان میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے ممبر شاہد شامل ہیں، پاکستان بیس بال فیڈریشن کے شوکت جاوید چیف ڈی مشن ہونگے۔

پہلے مرحلے میں شوٹنگ کے 2 کھلاڑی غلام محمد بشیر اور منہل سہیل ٹیم منیجرکموڈور غضنفر عباس کے ساتھ گذشتہ روز برازیل روانہ ہوئے، چیف ڈی مشن شوکت جاوید ایتھلیٹس محبوب علی اور نجمہ پروین نے لاہور سے ریو کا سفر اختیار کیا، جوڈو ایونٹ میں اپنی شرکت کو ممکن بنانے والے شاہ حسین شاہ منگل کو جاپان سے براہ راست برازیل پہنچیں گے، سوئمرز حارث بانڈے لندن اور لیانا سوان دبئی سے برازیل کی پرواز بھریں گے۔


واپس جائیں