برمنگھم: نئے امتحان کی تیاری کیلیے پاکستان ٹیم نے برمنگھم میں ڈیرے ڈال لیے،کرکٹرز نے بھرپور سیشن میں فیلڈنگ بہتر بنانے پر توجہ مرکوز رکھی، لہو گرمانے کے بعد اسٹیو رکسن نے سلپ فیلڈرز کو بھرپور پریکٹس کروائی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم کی لارڈزٹیسٹ میں فتح کا نشہ اولڈ ٹریفورڈ میں ناکامی نے ہرن کردیا، ایجبسٹن میں 3 اگست سے شروع ہونے والے نئے امتحان کی تیاری کیلیے گرین کیپس کو اچھا وقت مل گیا ہے،آرام اور مانچسٹر یونائیٹڈ فٹبال کلب کے سیر سپاٹے کے بعد ووسٹر شائرکیخلاف 2 روزہ ٹور میچ میں نئے تجربات کیے گئے،بطور اپنر سمیع اسلم کو آزمایا گیا جو ناکام رہے۔ بیٹنگ میں محمد رضوان اور افتخار احمد نے متاثر کیا، ریزرو بولرز سہیل خان، عمران خان اور ذوالفقار بابر کو بھی میدان میں اتارا گیا لیکن میزبان بیٹنگ لائن نے ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، ٹیم نے برمنگھم میں ڈیرے ڈال لیے،کرکٹرز نے بھرپور پریکٹس سیشن میں صلاحیتیں نکھارنے کیلیے کام کیا، سیریز کے تیسرے معرکے سے قبل مینجمنٹ اوپننگ جوڑی کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہے،بالکل ناتجربہ کار ہونے کی وجہ سے سمیع اسلم کوآزمائش میں ڈالنا مناسب نہیں ہوگا، دوسری جانب ٹور میچ میں ففٹی بنانے والے شان مسعود اب تک بڑی اننگزکھیلنے میں ناکام ہیں، ریزرو بولرزکی غیرمتاثرکن کارکردگی نے پیس بیٹری میں تبدیلیوں کا فیصلہ بھی مشکل بنادیا، وہاب ریاض کے متبادل کے طور پر رائٹ آرم بولر لینے کا فیصلہ کیا گیا تو عمران خان یا سہیل خان میں سے کسی ایک کو پلیئنگ الیون میں شامل کرنا ہوگا لیکن دونوں ووسٹر شائر کیخلاف اچھی فارم میں نظر نہیں آئے۔ ایجبسٹن کی پچ پر میچ کے تیسرے روز اسپنرز کو مدد ملنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے لیکن یاسر شاہ کا ساتھ دینے کیلیے دستیاب ذوالفقار بابر بھی ٹور میچ میں خاص کارکردگی نہیں دکھاسکے۔ ہفتے کو ٹور میچ ختم ہونے کے بعد برمنگھم کا رخ کرنے والے کرکٹرز نے گذشتہ روز بھرپور سیشن کے دوران فیلڈنگ میں صلاحیتیں نکھارنے کیلیے کام کیا، فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن نے سلپ فیلڈرز کو سرگرم رکھا، ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بیٹ کی مدد سے ہلکے اسٹروکس کھیلتے ہوئے شان مسعود کو کلوز فیلڈنگ کی مشق کرائی،کپتان مصباح الحق نے اظہر علی کو تواتر کیساتھ کیچز کروائے، دیگر فیلڈرز ہوا میں تیرتی گیندوں کیساتھ بیک وقت لو اور اونچے کیچ پکڑنے کی مشقیں کرتے نظر آئے، گراؤنڈ فیلڈنگ کا بھی ایک سیشن کیا گیا۔پیر کوبیٹنگ اور بولنگ سمیت بھرپور ٹریننگ سیشن ہوگا، اولڈ ٹریفورڈ میں پاکستان کے بیشتر بیٹسمین غلط اسٹروکس کا انتخاب کرکے سلپ میں موجود فیلڈرز کو کیچ دے بیٹھے تھے۔ اسی لیے نیٹ میں انھیں آف اسٹمپ سے باہر جاتی گیندوں پر خصوصی مشقیں کروائی جائیں گی، یونس خان، اظہر علی، شان مسعود خاص طور پربیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کی توجہ کا مرکز ہونگے، بولرز سوئنگ اور لائن لینتھ بہتر بنانے کیلیے کام کرینگے، ٹورمیچ میں آرام کرنے والے محمد عامر کو طویل سیشن کروایا جائے گا، یاسر شاہ بھی بولنگ کوچ مشتاق احمد کی نگرانی میں پریکٹس کرتے ہوئے اسپن کا جال مضبوط بنانے کی کوشش کرینگے۔