لاہور: کرکٹرز کے ہائی پرفارمنس کیمپ کا آج این سی اے میں آغاز ہوگا، منتخب کھلاڑیوں نے اتوار کی شب رپورٹ کردی،کھیل کے تینوں شعبوں میں صلاحیتیں نکھارنے کیلیے کام کیا جائے گا،3 وکٹ کیپرز بھی توجہ کا مرکز ہون گے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر نیشنل کرکٹ اکیڈمیز مدثر نذر نے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد مستقبل کیلیے کرکٹرز کی کھیپ تیار کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا، اس مقصد کیلیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شیڈول کیا گیا ہائی پرفارمنس کیمپ پیر کو شروع ہوگا، منتخب31کھلاڑیوں میں شعیب ملک، بابر اعظم، عماد وسیم، صہیب مقصود، محمد عرفان، عمر گل، جنید خان، امام الحق، انور علی، احسان عادل، شرجیل خان، فخر زمان، سعود شکیل، محمد نواز، حسن علی، محمد اصغر، بلاول بھٹی، عماد بٹ، عامر یامین، عزیز اللہ، محمد عباس، شاداب خان، امیر حمزہ، حیات اللہ، ذیشان ملک، حسن رضا، رومان رئیس، ضیا الحق، محمد حسن، سیف اللہ بنگش اور بسم اللہ خان شامل ہیں، 3ہفتے کے کیمپ میں سینئرز کی فارم اور فٹنس بہتر بنانے کیلیے کام کیا جائیگا، دوسری جانب کوچز جونیئرز کی صلاحیتیں نکھارنے کی کوشش کرینگے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بیٹسمینوں کا فٹ ورک بہتر بنانے کیلیے خاص طور پر ٹریننگ کروائی جائے گی، اسپنرز کے بولنگ ایکشن کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا، اچھا آل راؤنڈز بننے کی صلاحیت رکھنے والے کرکٹرز کا کھیل نکھارنے کیلیے بھی کام ہوگا، 3وکٹ کیپرز محمد حسن، سیف اللہ بنگش اور بسم اللہ خان پر خاص توجہ ہوگی،کیمپ کے دوران سلیکٹرز انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کے ممکنہ کھلاڑیوں کی کارکردگی پر بھی نظر رکھیں گے۔