ووسٹر: ٹور میچ میں ریزرو بولرز کی صلاحیتوں کا پول کھل گیا، پیسرز عمران خان اور سہیل خان اوسط درجے کی بیٹنگ کیخلاف رنگ جمانے میں ناکام رہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹور میچ میں دوسرے اور آخری روز ووسٹر شائر نے بہتر بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، اوپنرز ڈیرل مچل اور ٹام فیل14،14کے یکساں اسکور کے ساتھ کریز پر آئے، انھوں نے ٹیم کی اننگز 30رنز سے آگے بڑھانا شروع کی، پیسرز سہیل خان اور عمران خان کی لائن لینتھ خراب ہوئی تو جارحانہ اسٹروکس کا سلسلہ بھی شروع ہوا، ٹام نے راحت علی کا 2باؤنڈریز کے ساتھ استقبال کرنے کے بعد وہاب ریاض کو بھی 2اوورز میں 3چوکے جڑ دیے، بالآخر پاکستان کو پہلی کامیابی 77کے مجموعی اسکور پر راحت نے دلائی، انھوں نے ٹام فیل(35) کو اظہر علی کا کیچ بنوا دیا،وکٹ گرنے کے بعد ڈیرل مچل نے وہاب ریاض کو آڑے ہاتھوں لیا اور کھل کر اسٹروکس کھیلے۔ جوئے کلارک نے آتے ہی جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے ذوالفقار بابر کو چھکاجڑ دیا، ڈیرل مچل ففٹی سے ایک رن کی دوری پر وکٹ گنوا بیٹھے، سہیل خان نے بیلز فضا میں بکھیر دیں، نئے بیٹسمین ٹام کوہلر کیڈ مور نے پُراعتماد انداز میں مہمان بولرز کا سامنا کیا، انھوں نے ذوالفقار بابر کو نشانے پر رکھتے ہوئے باؤنڈریز کے بعد چھکا بھی جڑ دیا، ووسٹر شائر نے 50اوورز میں 167رنز بنانے کے بعد مزید 9رنز کا اضافہ ہی کیا تھا کہ تیسرا نقصان اٹھانا پڑا، جوئے کلارک 58کی اننگز کھیلنے کے بعد راحت علی کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔ نئے بیٹسمین ایلیکسی کرویزی ثابت قدمی کا مظاہرہ نہیں کرسکے،انھوں نے ابھی ایک رن ہی بنایا تھا کہ وہاب ریاض اور رضوان کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوگئے، ٹام کوہلر کیڈمور نے عمدہ بیٹنگ جاری رکھی، روز وائٹلے صرف7رنز پر ان کا ساتھ چھوڑ گئے،عمران خان کی گیند پر اظہر علی نے کیچ لیا، کیڈ مور نے اپنی نصف سنچری کا جشن عمران خان کو چوکے کے بعد چھکا جڑ کر منایا، وہ73کے اسکور پر ذوالفقار بابر کی گیند پر جارحانہ اسٹروک کھیلنے کی کوشش میں عمران خان کو کیچ دے بیٹھے، اس وقت تک میزبان ٹیم کے 250رنز مکمل ہوچکے تھے۔ بعد ازاں جارج رہوڈز 14اور ایڈ برنارڈ 2پر ناقابل شکست تھے کہ میچ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، ووسٹر شائر نے 76اوورز میں 6وکٹ پر 260رنز جوڑے، راحت علی نے 11اورز میں 29رنز دے کر 2شکار کیے، دیگر بولرز دوسرے درجے کی ٹیم کیخلاف بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے، عمران خان60، سہیل خان56اور ذوالفقار بابر54رنز دے کر بمشکل ایک ایک وکٹ حاصل کرپائے، وہاب ریاض نے 12اوورز میں 40رنز کے بدلے ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔مہمان ٹیم نے پہلے روز 3وکٹ پر 261رنز بناکر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی تھی