کراچی: بھارتی شیروں کو ان کے ہی گھر میں ڈھیر کرکے راجیو گاندھی انڈر 15 کرکٹ ٹورنامنٹ کے فاتح ننھے پاکستانی شاہین وطن واپس پہنچ گئے۔
بھارتی شہر چنائے میں کھیلے گئے راجیو گاندھی انڈر 15 کرکٹ ٹونامنٹ کے فائنل میں بھارتی سورماؤں کو شکست دینے والے پاکستانی شاہین کراچی ایئرپورٹ پہنچے تو اہل خانہ اور عوام کی بڑی تعداد نے کھلاڑیوں کا پر تپاک استقبال کیا اور فلک شگاف نعرے لگا کر ننھے ہیروز کی حوصلہ افزائی کی۔ ٹورنامنٹ کے ہیروز نے ائیرپورٹ پر پش اپس لگا کر اور چیمپیئن چیمپیئن گا کر اپنی خوشی کا اظہار کرکے اس کامیابی کو پاکستان کی آزادی کے نام کیا۔ اس موقع پر کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ ہمیں ٹورنامنٹ جیتنے کی خوشی تو ہے لیکن اس سے بھی زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ ہم نے بھارت کو اس ہی کے میدان میں شکست دی۔ واضح رہے کہ بھارت میں ہونے والے راجیوگاندھی کرکٹ ٹورنامنٹ میں 12 ٹیموں نے حصہ لیا۔ جس میں بھارت کی 10 ریاستی ٹیمیں جب کہ پاکستان اور بحرین کی ایک ایک ٹیم نے شرکت کی۔ پاکستان نے ٹورنامنٹ کے فائنل سمیت 5 ميچز میں سے 4 میچوں میں کامیابی حاصل کی۔