کھیل
شہریار 21 اگست کو ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ بن جائیں گے

کراچی: شہریارخان 21 اگست کو ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ بن جائیں گے، چیئرمین پی سی بی میٹنگ سے 3 روز قبل کولمبو جا کر سری لنکن حکام سے باہمی سیریز، نیوٹرل وینیو سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال بھی کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ملائیشیا میں کئی برس سے قائم دفتر ختم کرنے سے اے سی سی کا مستقبل ڈانواڈول نظر آنے لگا تھا، مگر تنظیم نے پھر سے جان پکڑ لی ہے، رواں برس بنگلہ دیش میں کامیاب ٹوئنٹی 20 ایشیا کپ کے بعد مستقبل میں اس طرز کے مزید ایونٹس بھی سامنے آئیں گے،صدارت سنبھالنے کی باری اب پاکستان کی ہے۔

21 اگست کو کولمبو میں شیڈول میٹنگ میں چیئرمین پی سی بی شہریارخان ایشین کرکٹ کونسل کے صدر بن جائیں گے،سالانہ اجلاس عام میں انھیں دو برس کیلیے یہ عہدہ سونپا جائے گا، اس دوران وہ ایشیائی ممالک میں تعاون بڑھانے اور ماضی کی طرح کا اتحاد بنانے کی کوشش کریں گے، اگر شہریارخان نے دو برس کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کا عہدہ چھوڑا تو ان کی جگہ جو بھی سربراہ بنا اسے اے سی سی کی صدارت بھی مل جائے گی۔

پی سی بی چیف میٹنگ سے تین روز قبل 18 اگست کو کولمبو جائیں گے، اس دوران ان کی میزبان کرکٹ بورڈ حکام سے ملاقاتیں طے ہیں، وہ باہمی سیریز کے ساتھ سری لنکاکو نیوٹرل وینیو بنانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کریں گے، پاکستان میںکئی برس سے غیرملکی ٹیمیں نہیں آ رہیں ایسے میں میچز یو اے ای میں کرانا پڑتے ہیں، مگراب اماراتی کرکٹ حکام کے نخرے بڑھتے جا رہے ہیں، پی ایس ایل کے دوران ماسٹرز لیگ کے معاملے پر بھی تعلقات میں تلخی آئی، ایسے میں پی سی بی نئے آپشنز کی تلاش میں ہے، اگر سری لنکا سے مذاکرات کامیاب ہو گئے تو ہوم سیریز کے اخراجات کم اور آمدنی میں اضافہ متوقع ہے۔


واپس جائیں