ووسٹر: پاکستانی بیٹنگ خواب غفلت سے جاگنے لگی، ووسٹرشائر سے دو روزہ میچ کے پہلے دن ٹیم نے 3 وکٹ پر 261 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی، متبادل اوپنر سمیع اسلم آزمائش پر پورا نہ اترسکے، انتہائی محتاط انداز اختیار کرنے کے باوجود وہ صرف 17 رنز تک محدود رہے، اظہر علی نے پُراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے 81 اور شان مسعود نے 67 رنز بنائے۔
تفصیلات کے مطابق 2روزہ ٹور میچ میں میزبان ووسٹر شائر نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نے تمام ریزرو کھلاڑیوں کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا، محمد حفیظ کو آرام دیتے ہوئے شان مسعود کے ساتھ سمیع اسلم کی آزمائش کو ترجیح دی گئی، دونوں اوپنرز نے انتہائی محتاط آغاز کیا، ایڈ برنارڈ اور چارلی مورس کے ابتدائی6 میں سے صرف ایک اوور میں سے رنز بنے، باقی 5میڈن رہے،پہلی بائونڈری سمیع اسلم نے 13 اوور میں لگاکر مہمان ٹیم کا اسکور22تک پہنچایا، نوجوان اوپنر اپنی اننگز کو زیادہ طول نہ دے سکے،وہ57گیندوں پر 17رنز بناکر ایلکس ہیپبرن کی گیند پر ٹام کوہلر کو کیچ تھما بیٹھے۔ شان مسعود پُراعتماد انداز میں رنز بٹورتے رہے، نئے بیٹسمین اظہر علی نے ابتدا میں انتہائی محتاط انداز اختیار کرتے ہوئے 75گیندوں پر25رنز بنانے کے بعد ہاتھ کھولے، انھوں نے ایلکس ہیپبرن کو خاص طور پر نشانہ بناتے ہوئے چند دلکش اسٹروکس کھیلے، شان مسعود نے ففٹی 124 گیندوں پر مکمل کی، اظہر علی نے 103بالزکھیل کر یہ سنگ میل عبور کرنے کے بعد جارج رہوڈز کو چھکا بھی جڑ دیا، بعد ازاں انھوں نے چارلی مورس کے اوور میں دوچوکوں سمیت 11رنز حاصل کرکے پاکستان کا اسکور 50اوورز میں 132 تک پہنچا دیا،شان مسعود 149گیندوں پر 67کی اننگز کھیل کر رخصت ہوئے، کامیاب بولر ایلیکسی کرویزی تھے، کیچ جوئے کلارک نے لیا، مہمان ٹیم کو دوسرا نقصان 157رنز پر اٹھانا پڑا، نئے بیٹسمین افتخار احمد نے ایک اوور تو سنبھل کر کھیلا لیکن بعد میں ایلسکی کرویزی کو چھکا جڑ کر کھاتا کھول لیا، اظہر علی(81) ایڈ برنارڈکی گیند پر بولڈ ہوئے تو اسکور بورڈ پر 181رنز درج تھے۔ محمد رضوان نے کریز پر سیٹ ہونے کیلیے زیادہ وقت نہیں لیا اور آتے ہی پیسرز اور اسپنرز کی گیندوں پر تیزی سے رنز بٹورے،انھوں نے 67گیندوں پر 49رنز بناتے ہوئے اچھی پریکٹس کرلی، افتخار احمد نے بھی بولرز کا پُراعتماد انداز میں سامنا کرتے ہوئے 68گیندوں پر 41 رنز بنائے، پاکستان نے 80 اوورز میں 3وکٹ پر261رنز اسکور کیے تھے کہ کپتان اظہر علی نے اننگز ڈیکلیئرڈ کردی، اسد شفیق، وہاب ریاض، سہیل خان، ذوالفقار بابر، راحت علی اور عمران خان کو بیٹنگ کا موقع نہ ملا، ایڈ برنارڈ، ایلکس ہیپبرن اور ایلیکسی کرویزی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، چارلی مورس، جیک شینٹری، جارج رہوڈز ناکام رہے۔ جواب میں پاکستان کے ریزرو پیسرز عمران خان اور سہیل خان ابتدا میں میزبان اوپنرز کیلیے زیادہ مشکلات پیدا نہیں کرسکے، ڈیرل مچل اور ٹام فل نے مستحکم آغاز کرتے ہوئے دفاع اور جارحیت کے امتزاج سے رنز جوڑے، دونوں 14,14کے یکساں اسکورپر ناقابل شکست رہے، ووسٹر شائر نے 30رنز بنائے، عمران خان نے 6 اوورز میں 13اور سہیل خان نے 4 اوررز میں 14رنز دیے