کھیل
احمد شہزاد اورعمراکمل کا مستقبل تاریکی میں ڈوبنے لگا

لاہور: احمد شہزاد اور عمر اکمل کا مستقبل تاریکی میں ڈوبنے لگا، نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں یکم اگست سے شروع ہونیوالے ہائی پرفارمنس کیمپ کے 31 کھلاڑیوں میں بھی جگہ نہ بنا سکے جب کہ سپر فٹ قرار دیے جانیوالے فواد عالم کو ایک بار پھر نظر انداز کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے مستقبل کیلیے کھلاڑیوں کی کھیپ تیار کرنے کی مہم شروع کردی، اس مقصد کیلیے3ہفتے کا ہائی پرفارمنس کیمپ یکم اگست سے این سی اے میں لگایا جائیگا، منتخب کرکٹرز میں کئی آزمودہ نام شامل جبکہ بعض باصلاحیت پلیئرز نظر انداز کردیے گئے ہیں، ڈسپلن کی خلاف ورزیوں پر دورئہ انگلینڈ کیلیے اسکواڈ سے ڈراپ کیے جانیوالے احمد شہزاد اور عمر اکمل کا مستقبل سلیکٹرز کی جانب سے برتی جانیوالی بے رخی کی تاریکی میں ڈوبنے لگا ہے، دونوں کے نام منتخب 31 پلیئرز کی فہرست میں بھی شامل نہیں، پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں سپر فٹ قرار دیے جانے والے فواد عالم کو بھی نظر انداز کرتے ہوئے مستقبل کی پلاننگ سے خارج تصور کیا گیا ہے۔

دوسری جانب چیف سلیکٹر انضمام کے بھتیجے امام الحق کو کیمپ میں ٹریننگ کا موقع فراہم کیا جائیگا۔ منتخب کرکٹرز میں شعیب ملک، بابر اعظم، عماد وسیم، صہیب ، محمد عرفان، عمر گل، جنید خان، امام الحق، انور علی، احسان عادل، شرجیل خان، فخر زمان، سعود شکیل، محمد نواز، حسن علی، محمد اصغر، بلاول بھٹی، عماد بٹ، عامر یامین، عزیز اللہ، محمد عباس، شاداب خان، امیر حمزہ، حیات اللہ، ذیشان ملک، حسن رضا، رومان رئیس، ضیا الحق، وکٹ کیپرز محمد حسن، سیف اللہ بنگش اور بسم اللہ خان شامل ہیں۔


واپس جائیں