کھیل
لارڈز کے ہیرو اولڈ ٹریفورڈ میں زیرو؛ انگلینڈ نے پاکستان کےخلاف 489 رنز کی برتری حاصل کرلی

اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے 589 رنز کے تعاقب میں 198 رنز پر آؤٹ ہوگئی جب کہ انگش ٹیم نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 98 رنز بنالیے ہیں یوں انگلینڈ کو 489 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ کی پہلی اننگز کے 589 رنز کے تعاقب میں پاکستانی شاہین صرف 198 رنز ہی بناکر فالو آن کا شکار ہوگئے لیکن انگلش کپتان نے پاکستان کو فالو آن کروانے کے بجائے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور تیسرے دن کے اختتام پر انگلش ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 98 رنز بنالے ہیں یوں انگلش ٹیم نے میچ میں 489 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔ جوئے روٹ 23 اور السٹر کک 49 رنز پر وکٹ پر موجود ہیں۔

تیسرے روز کا کھیل بارش کے باعث تھوڑی تاخیر سے شروع ہوا تو مصباح الحق 1 اور شان مسعود 30 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ شان مسعود زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ رک سکے اور 39 رنز بنا کر جیمی اینڈرسن کا پہلا شکار بن گئے۔ 31 ویں اوور میں ایک بار پھر بارش کے باعث میچ روکا گیا تو مصباح الحق 5 اور اسد شفیق صفر کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ جب بارش کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو اسد شفیق 4 رنز بنا کر کرس براڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

سرفراز احمد بھی جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18 گیندوں پر 26 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ یاسر شاہ ووکس کا شکار بنے۔ مصباح الحق نے وہاب ریاض کے ہمراہ نویں وکٹ کیلیے میچ کی سب سے بڑی 60 رنز کی شراکت داری قائم کی لیکن کپتان 52 رنز پر معین علی کا شکار بنے، وہاب ریاض نے 39 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس 4، بین اسٹوکس، معین علی 2،2 اور اسٹورٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلینڈ نے 314 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو جوئے روٹ 141 اور کرس ووکس 2 رنز پر وکٹ پر موجود تھے، ووکس 58 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ روٹ نے شاندار ڈبل سنچری اسکور کرتے ہوئے 254 رنز پر وہاب ریاض کا نشانہ بنے۔ دیگر کھلاڑیوں میں بین اسٹوک 34، جونی برسٹو 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انگلیںڈ نے 589 رنز پر اپنی اننگز ڈیکلئر کردی جس کے جواب میں پاکستانی بیٹنگ لائن بڑا اسکور دیکھ کر لڑکھڑاگئی اور 57 رنز پر ہی ان کے 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے، محمد حفیط 18 بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ یونس خان اور اظہر علی کو جانے کی اتنی جلدی تھی کہ صرف ایک ایک سکور کرکے ہمت ہار گئے جب کہ نائٹ واچ مین راحت علی بھی 4 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔


واپس جائیں