لاہور: چارملکی جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم فتح سے محروم رہی، ایونٹ کے تیسرے اور اختتامی میچ میں ہالینڈ کیخلاف بھی کامیابی کا خواب پورا نہیں ہوسکا، مقابلہ 1-1 سے برابر ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق جرمنی میں شیڈول چار ملکی جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ بیلجیئم کے چیمپئن بننے کے ساتھ ہی اختتام پذیرہوگیا ہے، بیلجیئم نے مجموعی طور پر3 میچزمیں حصہ لیا، 2 مقابلوں میں فتح حاصل کی جبکہ ایک مقابلہ برابری پرختم ہوا۔ جرمنی کی ٹیم ایونٹ میں دوسری اور ہالینڈ تیسری پوزیشن پر قبضہ جمانے میں کامیاب رہی جبکہ پاکستان کا نمبر چوتھا رہا۔ یاد رہے کہ ٹورنامنٹ کے دوران پاکستان ٹیم نے مجموعی طور پر تین میچوں میں حصہ لیا،ابتدائی میچ میں جرمنی کے ہاتھوں5-2 سے ناکامی کا سامنا رہا جبکہ بیلجیئم نے 2کے مقابلے میں 4 گول سے زیر کیا، ایک مقابلہ برابر رہا، ادھر گذشتہ روز مجموعی طور پر 2 میچز کھیلے گئے جو ڈرا رہے، پہلا مقابلہ پاکستان اور ہالینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، دونوں ٹیمیں مقررہ وقت میں ایک، ایک گول کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔دونوں ٹیموں نے میچ کے آغاز میں دفاعی پالیسی اپنائی جس کی وجہ سے پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گیند کو جال کے اندر نہ پھینک سکی، دوسرے ہاف میں ہالینڈ نے گرین شرٹس کے خلاف پے در پے حملوں کا سلسلہ شروع کیا، 42ویں منٹ میں ہالینڈ کی ٹیم پاکستان کے خلاف پنالٹی کارنر لینے میں کامیاب ہو گئی۔ اس بار برام گروسین وین نے بغیر کوئی غلطی کیے گیندکوبڑی خوبصورتی کے ساتھ جال کے اندر پہنچادیا، اس صورت حال کے بعد پاکستانی ٹیم نے بھی جارحانہ انداز اپنا کر گول کا خسارہ کم کرنے کی کوشش کی، میچ ختم ہونے سے صرف6 منٹ قبل محمد عتیق نے پنالٹی کارنر کے ذریعے گول کر کے مقابلہ 1-1سے برابرکردیا۔دوسرا مقابلہ بیلجیئم اور جرمنی کی ٹیموں کے درمیان منعقد ہوا جو 2-2گول سے برابر رہا۔بیلجیئم کی ٹیم پہلے ہاف میں 2 گول کی برتری حاصل کرنے کے باوجود میچ کا نتیجہ اپنے نام نہ کر سکی۔بیلجیئم کی طرف سے پہلا گول گریگری اسٹاک بروکس نے کھیل کے 27ویں منٹ میں کیا۔ صرف3 منٹ کے بعد تھامس ورہیجن نے گیند کو جال میں پہنچاکر اسکور 2-0 کر دیا۔میچ کے آخری 15 منٹ میں جرمنی کی ٹیم نے نہ صرف عمدہ کم بیک کیا بلکہ مقابلہ2-2 سے بھی برابر کرنے میں کامیاب رہی۔ جرمنی کی طرف سے دونوں گول کانسٹین اسٹیب نے کھیل کے 56ویں اور 61ویں منٹ میں کیے۔ کھیل کے آخری 9منٹوں میں دونوں ٹیموں نے گول کر کے میچ کا نتیجہ اپنے نام کرنے کی بھرپورکوشش کی لیکن فاروڈز دفاعی حصار میں شگاف ڈالنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔