لندن: پاکستان کیخلاف گذشتہ ہفتے منعقدہ لارڈز ٹیسٹ میں پیسر جیمز اینڈرسن کو نہ کھلانے پر انگلش سلیکٹرز کی چھٹی ہوجانے کا خدشہ ہے۔
برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق لارڈزمیں پاکستان کے ہاتھوں 75رنز سے شکست پر برہم انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے رواں سیزن کے اختتام پر اپنے سلیکشن پینل کو فارغ کیے جانے کا امکان ہے۔ انگلش کرکٹ حکام لارڈز میں ناکامی کی وجہ فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کی عدم موجودگی کو خیال کرتے ہیں، جنھیں سلیکشن پینل نے کوچ اور کپتان کی خواہش کے برخلاف اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا تھا۔ انگلینڈکی تاریخ کے کامیاب ترین بولر جیمز اینڈرسن کندھے کی انجری سے صحتیاب ہو گئے تھے لیکن سلیکشن پینل نے میڈیکل بورڈ کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے اینڈرسن کو آرام دیتے ہوئے نہ کھلانے کا فیصلہ کیا، یہاں یہ امر بھی خاصا دلچسپ ہے کہ کپتان ایلسٹر کک اور کوچ ٹریور بیلس تجربہ کار پیسر کو لارڈز میچ کی حتمی الیون میں شامل کرنا چاہتے تھے اور خود اینڈرسن بھی میدان میں اترنے کیلیے تیار تھے لیکن سلیکشن پینل نے حتمی فیصلہ کرتے ہوئے انھیں اسکواڈ میں شامل نہیں کیا تھا۔ جیمز وٹیکر، اینگس فریزر اور مک نیول پر مشتمل سلیکشن پینل کا مڈل آرڈر پر بھی ٹریور بیلس سے مباحثہ ہوا جہاں کوچ بین اسٹوکس اورجوز بٹلر کو آزمانے کے خواہاں تھے لیکن انھوں نے گیری بیلنس کو اسکواڈ میں شامل کیا۔ گذشتہ سال اینڈریو اسٹروس کی ڈائریکٹر آف کرکٹ کے عہدے پر تقرری کے بعد سلیکشن پینل کو فارغ کیے جانے کا امکان تھا لیکن ایشزسیریز میں غیرمتوقع کامیابی کی بدولت سلیکٹرز اپنی نوکریاں بچانے میں کامیاب رہے تھے۔ تاہم اس کے بعد سلیکٹرز کو سیزن کے آغاز میں اس وقت بھی تنبیہ کی گئی تھی جب انھوں نے نک کامپٹن کو مسلسل ناکامی کے باوجود ٹیم میں برقرار رکھا تھا۔ یہ بھی ممکن ہے کہ اسٹروس سلیکشن پینل کو برطرف کر کے خود کوچ اور کپتان کے ساتھ مل کر ٹیم کا انتخاب کریں، ابتدائی ناکامی کے بعد انگلش بورڈ نے جمعے سے اولڈ ٹریفورڈ میں شیڈول دوسرے ٹیسٹ کیلیے 14رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جس میں بین اسٹوکس، عادل رشید اور جیمز اینڈرسن کو شامل کیاگیا ہے۔