قومی و بینالاقوامی خبریں
پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کا پیمانہ دل دہلا دینے والا ہے، برطانیہ کے شاہ چارلس سوئم

لندن: برطانیہ کے شاہ چارلس سوئم نے پاکستان کے سیلاب متاثرین سے اظہار ہمدردی اور پاکستانی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کا پیمانہ دل دہلا دینے والا ہے۔ ہنگامی خدمات فراہم کرنے والوں، رضاکاروں اور مقامی کمیونٹیز کی ہمت اور عزم کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جو متاثرین کو بچانے اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان میں مون سون کی بارشوں کے نتیجے میں سیلاب کے حوالے سے برطانیہ کے شاہ چارلس سوئم نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اور ان کی اہلیہ پاکستان میں حالیہ مون سون کے سیلاب کی وجہ سے ہونے والے جانی نقصان اور بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی اور امدادی کارروائیوں کے دوران ہیلی کاپٹر کے ہولناک حاد ثہ پر جان کر سخت غمزدہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سیلاب سے ہونے والی تباہی کا پیمانہ واقعی دل دہلا دینے والا ہے۔ انہوں نےکہا کہ ہم ان تمام لوگوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں، گھروں اور معاش کو کھو دیا ہے۔

انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان پائیدار تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں بہت سے ایسے خاندان آباد ہیں جن کا پاکستان کے ساتھ انتہائی قریبی رشتہ ہے ہم ان تمام خاندانوں کے ساتھ بھی دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، ہم متاثرہ افراد کے لیے اپنی گہری دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور اس مشکل ترین وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہنگامی خدمات فراہم کرنے والوں، رضاکاروں اور مقامی کمیونٹیز کی ہمت اور عزم کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جو خطرے میں پڑنے والوں کو بچانے اور ان لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں جن کی زندگیاں اس سیلاب سے شدید متاثر ہوئی ہیں، ان کی یہ بے لوث کوشش گھپ اندھیرے میں بھی شمع کی مانند ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ متاثرہ کمیونٹیز بحالی اور تعمیر نو کے چیلنجوں کا مقابلہ کر رہی ہیں، ہم اپنی خصوصی دعائوں کے ساتھ ساتھ ان کی بہادری اور کاوشوں کو سراہتے ہیں۔


واپس جائیں