کلاؤڈ برسٹ ایک خطرناک موسمی مظہر ہے ۔
کلاؤڈ برسٹ ایک خطرناک موسمی مظہر ہے، جس میں بہت تھوڑے وقت میں کسی مخصوص علاقے پر اچانک اور بے پناہ بارش برستی ہے۔ حالیہ کلاؤڈ برسٹ نے خیبر پختونخوا میں شدید تباہی مچائی ، جس کے نتیجے میں بونیر، مانسہرہ، سوات، شانگلہ، بٹگرام اور باجوڑ جیسے علاقے سیلاب ، لینڈ سلائیڈنگ اور طوفانی بارش سے متاثر ہوئے۔
کلاؤڈ برسٹ کے دوران چند گھنٹوں کی بارش چند منٹوں میں ہو جاتی ہے، جس سے نہ صرف مکانات اور بستیاں تباہ ہوتی ہیں بلکہ جانی نقصان بھی ہوتا ہے ۔ پہاڑی علاقوں میں یہ سیلاب مزید طاقتور اور خطرناک بن جاتا ہے۔ اس کی بڑی وجوہات میں موسمی تبدیلی، بڑھتی ہوئی گرمی اور ماحولیاتی عدم توازن شامل ہیں۔ جب گرم اور مرطوب ہوائیں پہاڑوں سے ٹکرا کر بادلوں میں جمع ہو جاتی ہیں تو اچانک بوجھ بڑھنے پر بادل پھٹ جاتے ہیں اور ایک ساتھ پانی انڈیل دیتے ہیں۔ بدقسمتی سے جدید ٹیکنالوجی کے باوجود کلاؤڈ برسٹ کی بروقت پیشگوئی ممکن نہیں ۔ یہ ایک ایسی قدرتی آفت ہے جس کے سامنے انسان بے بس ہو جاتا ہے ۔ اس تباہی سے سبق یہ ہے کہ ہمیں ماحولیات کا خیال رکھنا چاہیے ورنہ قدرت کا انتقام بہت سخت ہو سکتا ہے ۔