تارکین وطن کی خبریں
یواےای دبئی میں یومِ آزادی پاکستان کی 78ویں سالگرہ کی تقریبات کی میزبانی کرے گا ۔

دبئی: (اے پی پی) متحدہ عرب امارات پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کی سالگرہ کی مناسبت سے ایکسپو سٹی کے دبئی ایگزیبیشن سینٹر میں 10 اگست کو ایک بڑے عوامی ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔

اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر دبئی میں منعقدہ اس اہم تقریب میں وزیر رواداری و بقائے باہمی شیخ نیہان بن مبارک النیہان اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی شریک ہوں گے جبکہ سفارتی، اقتصادی اور سماجی شخصیات کے ساتھ ساتھ پاکستانی کمیونٹی کے قابل ذکر افراد کی بڑی تعداد بھی موجود ہوگی۔

اس پروگرام کو پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے تعاون اور دبئی پولیس کی معاونت سے ترتیب دیا گیا ہے جس کا مقصد پاکستانی کمیونٹی کی خدمات اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنا ہے۔ تقریب میں پاکستان کے ثقافتی ورثے، فنونِ لطیفہ، لوک موسیقی اور روایتی رقص کو نمایاں کیا جائے گا۔

اس دوران پاکستانی کمیونٹی کے قابل ذکر افراد کو اعزازات سے نوازا جائے گا اور ان کی متحدہ عرب امارات کی پائیدار ترقی میں کردار کو سراہا جائے گا۔دبئی میں مقیم پاکستانی اپنے قومی دن کو شا یان شان طریقے سے منائیں گے جبکہ دونوں ممالک کے مابین دوستانہ، تاریخی اور سفارتی تعلقات کو فروغ ملے گا۔

تقریب میں تقریباً 60 ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے، جو اسے امارات میں پاکستانی ثقافت کی سب سے بڑی عوامی نمائندگی بنا دے گا۔


واپس جائیں