ڈبلن: آئرلینڈ ویمنز ٹیم نے پہلے ٹی20 انٹرنیشنل میچ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو 11 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1کی برتری حاصل کر لی۔ ڈبلن میں کھیلے گئے میچ میں قومی ویمنز ٹیم 142 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز ہی بنا سکی۔
قومی ٹیم کی جانب سے کپتان فاطمہ ثنا نے 4 وکٹیں حاصل کرنے کے علاوہ 2 کیچز اور ایک رن آؤٹ بھی کیا تاہم ان کی یہ شاندار کارکردگی بھی پاکستان ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔ اس سے قبل، پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے آئرلینڈ کو بیٹنگ دی، میزبان ٹیم نے 19.4 اوورز میں 142 رنز بناکر آل آؤٹ ہوئی، آئرش بیٹر ایمی ہنٹر 37 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ میچ کی خاص بات کپتان فاطمہ ثنا کی26 رنز کے عوض 4 وکٹوں کی شاندار کارکردگی ہے، جو ٹی20 انٹرنیشنل میں ان کی بہترین باؤلنگ بھی ہے، دیگر پاکستانی باؤلرز میں ڈیانا بیگ، سعدیہ اقبال، رامین شمیم اور نشرہ سندھو نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔ ہدف کے تعاقب سے ہی قومی بیٹرز مشکلات کا شکار نظر آئیں، صرف 54 کے مجموعے پر پاکستان ٹیم کی 5 کھلاڑی پویلین لوٹ چکی تھی، منیبہ علی اور گل فیروزہ 5-5 رنز بناکرآؤٹ ہوئیں۔ وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کے نتیجے میں پاکستان ٹیم کی مشکلات بڑھتی چلی گئیں، سدرہ امین 15 عالیہ ریاض 14،ایمان فاطمہ 4 اور فاطمہ ثنا 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ گرین شرٹس مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز ہی بنا سکی، پاکستان کی جانب سے نتالیہ پرویز 29 اور رامین شمیم 27 رنز بنا کر سرفہرست رہیں۔ آئرش باؤلر اورلا پرینڈرگاسٹ نے 28 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، سیریز کے بقیہ 2 میچز ڈبلن میں 8 اور 10 اگست کو کھیلے جائیں گے۔