کھیل
ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں شامل قومی ٹیم کا دوسرا دستہ بھی امریکا پہنچ گیا ۔

اسلام آباد: ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا دوسرا دستہ بھی میامی لاڈرہل پہنچ گیا ہے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز 31 جولائی سے لاڈرہل میں شروع ہوگی، سیریز کے لے قومی اسکواڈ 2 گروپس کی صورت میں براستہ دبئی، امریکا پہنچ گیا ہے۔

امریکا پہنچنے والے قومی اسکواڈ کے دوسرے دستے میں فاسٹ باؤلرز شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف، وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث، حسین طلعت، حسن نواز، اوپنر بیٹر صاحبزادہ فرحان، کوچز اور سپورٹ اسٹاف شامل ہیں۔ پہلے مرحلے میں بیشتر کھلاڑی ڈھاکا سے براستہ دبئی میامی پہنچے تھے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی 20 سیریز کا پہلا مقابلہ 31 جولائی کو لاڈر ہل میں کھیلا جائے گا، سیریز کا دوسرا مقابلہ 2 اور آخری میچ 3 اگست کو شیڈول ہے۔

ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیز کے ہوم گراؤنڈز کا رُخ کرے گی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان بالترتیب 8، 10 اور 12 اگست کو میچز شیڈول ہیں۔

ویسٹ انڈیز کیخلاف قومی ٹی 20 اسکواڈ:

مختصر فارمیٹ کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ میں حارث رؤف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف، فخر زمان، خوشدل شاہ اور حسین طلعت شامل ہیں، جب کہ محمد نواز، حسن نواز، صائم ایوب، ابرار احمد، صاحبزادہ فرحان ، محمد حارث، سفیان مقیم بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

قومی ون ڈے اسکواڈ

ویسٹ انڈیز کیخلاف پاکستان کے 16 رکنی اسکواڈ میں محمد رضوان کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں نائب کپتان سلمان علی آغا، بابر اعظم، عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، فخر زمان، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ نسیم شاہ، صائم ایوب، حسین طلعت، محمد نواز، حسن نواز، ابرار احمد، محمد حارث اور سفیان مقیم بھی ایک ایک روزہ فارمیٹ کی ٹیم میں شامل ہیں۔


واپس جائیں