قومی و بینالاقوامی خبریں
کینیڈا کا ستمبر میں یو این جنرل اسمبلی اجلاس میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان

فرانس نے کہا کہ وہ خطے میں امن کے امکانات کو بحال کرنے کیلئے کینیڈا کیساتھ مل کر کام کرے گا۔ فوٹو: اے ایف اوٹاوا: کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ستمبر میں ہونے والے اجلاس میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مارک کارنی نے کہا کہ یہ اقدام اسرائیل-فلسطین تنازع کے دو ریاستی حل کی امید کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے، جو ایک طویل عرصے سے کینیڈا کا ہدف رہا ہے اور جو ہماری آنکھوں کے سامنے ختم ہو رہا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کینیڈا کا ارادہ ہے کہ وہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں ستمبر 2025 میں ریاستِ فلسطین کو تسلیم کرے۔ کارنی نے کہا کہ غزہ میں شہریوں کی بگڑتی ہوئی حالت نے امن کے لیے مربوط بین الاقوامی اقدامات میں تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں چھوڑی۔

جب صحافیوں نے ان سے پوچھا کہ کیا کوئی ایسا منظر ہو سکتا ہے جس میں کینیڈا اقوامِ متحدہ کے اجلاس سے پہلے اپنا مؤقف بدل دے، تو کارنی نے کہا ایک منظرنامہ ہو سکتا ہے، لیکن شاید ایسا جو میں تصور بھی نہیں کر سکتا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے کینیڈا کے فیصلے سے امریکا کے ساتھ جاری تجارتی معاہدے پر اثر پڑ سکتا ہے۔

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پیغام میں ٹرمپ نے کہا کہ واہ ! کینیڈا نے ابھی اعلان کیا ہے کہ وہ فلسطین کی ریاستی حیثیت کی حمایت کر رہا ہے، اس سے ہمارے لیے ان کے ساتھ تجارتی معاہدہ کرنا بہت مشکل ہو جائے گا۔ اوہ، کینیڈا!!!

اسرائیل نے کینیڈا کا اعلان مسترد کر دیا

اسرائیل نے کینیڈین وزیر اعظم مارک کارنی کے اعلان کو مسترد کر دیا ہے، اور کہا ہے کہ یہ حماس کی وحشیانہ بربریت کو جواز فراہم کرنے کی کوشش ہے۔

اے ایف پی کے مطابق اوٹاوا میں اسرائیلی سفارت خانے نے کہا کہ قابلِ احتساب حکومت، فعال اداروں یا ہمدرد قیادت کی غیر موجودگی میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا، 7 اکتوبر 2023 کو حماس کی وحشیانہ بربریت کو انعام دینا اور اس کا جواز فراہم کرنا ہے۔

فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے اس اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے تاریخی فیصلہ قرار دیا، جب کہ فرانس نے کہا کہ وہ خطے میں امن کے امکانات کو بحال کرنے کے لیے کینیڈا کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔


واپس جائیں