پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے دورہ آسٹریلیا اور زمبابوے کیلئے اسکواڈز کا اعلان ایک ساتھ کیے جانے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئندہ چند روز میں آسٹریلیا اور زمبابوے کیخلاف وائٹ بال سیریز سے قبل کپتان کے نام اعلان بھی کردیا جائے گا۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سینئر کھلاڑی دورہ آسٹریلیا میں حصہ لے سکتے ہیں تاہم دورہ زمبابوے کیلئے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع ملے گا، جن میں عمیر بن یوسف، عرفان خان نیازی، کامران غلام، حسیب اللہ، سفیان مقیم، اور محمد حسنین شامل ہیں۔ دریں اثنا، سعود شکیل، شاداب خان، اور افتخار احمد جیسے کھلاڑیوں کو اسکواڈ سے باہر کیا جا سکتا ہے۔ اسٹارز کھلاڑیوں میں بابراعظم، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کے دورہ آسٹریلیا میں اہم کردار ادا کرنے کی توقع ہے، تاہم فخر زمان کی فٹنس مسائل کے سبب شرکت غیر یقینی ہے۔ دونوں دوروں کیلئے عاقب جاوید، اظہر علی، علیم ڈار، اسد شفیق اور حسن چیمہ پر مشتمل سلیکشن کمیٹی اسکواڈز کو حتمی شکل دے گی جبکہ محمد رضوان کو کپتان بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ قومی ٹیم 29 اکتوبر کو میلبرن کیلئے روانہ ہوگی، یکم اور 2 نومبر کو پریکٹس سیشن میں لے گی بعدازاں 4 نومبر کو پہلا ون ڈے میچ کھیلا جائے گا۔