سعودی عرب نے کرونا ویکسین کی نئی شرائط عائد کر دی، پاکستانیوں کی مشکلات میں اضافہ
اسلام آباد : سعودی عرب نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کیلئے کرونا ویکسین کی نئی شرائط عائد کر دیں۔ نئی شرط نے پاکستانی مسافروں کو مشکل میں ڈال دیا۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق نئی شرائط سے پاکستانیوں کے سعودی عرب جانے میں بڑی مشکلات ہوں گی۔
نئی شرائط پر عملدرآمد 20 مئی سے ہوگا۔ سعودی حکومت کی تجویز کردہ کمپنیوں کی کرونا ویکسین لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ تجویز کردہ ویکسین میں فائزر، آکسفورڈ، موڈرنا اور جے اینڈ جے شامل ہے۔ سعودی حکومت کی تجویز کردہ ویکسین میں چین کی تیار کردہ ویکسین شامل نہیں۔ پاکستان میں زیادہ تر افراد کو چین کی تیار کردہ ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ تجویز کردہ ویکسین نہ لگوانے والے مسافروں کیلئے قرنطینہ لازمی ہوگا۔ قرنطینہ سنٹر کے اخراجات مسافر کو ادا کرنا ہوں گے۔ سعودی عرب داخلے کی اجازت کے حامل ممالک کے شہریوں کیلئے قرنطینہ سینٹرز قائم کر دیئے گئے۔ ائر لائنز کا مسافروں کیلئے سعودیہ میں قرنطینہ اداروں سے کنٹریکٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔