تارکین وطن کی خبریں
سپین سے آنے والا خرم شہزاد کرونا سے جنگ لڑتا زندگی کی بازی ہار گیا ۔

گجرات: تحصیل کھاریاں تھانہ کوٹلہ ککرالی کے نواحی گاؤں بیرکھرانہ کا رہائشی 30 سالہ نوجوان خرم شہزاد ولد مشتاق احمد سپین سے آیا ہوا تھا اور کرونا وائرس کا ٹیسٹ پازیٹیو آنے پر عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں مورخہ 26 مارچ سے زیر علاج تھا۔

پہلا ٹیسٹ پازیٹیو آنے پر پازیٹیو وارڈ میں داخل کر لیا گیا چند دن قبل اچانک خرم شہزاد کی طبیعت بگڑ گئی جس پرمریض کوآئسولیشن وارڈ میں منتقل کیا گیا.سانس کی تکلیف شدید ہوئی پھر اس کی طبیعت بہتر ہونے لگی کافی دنوں بعد دوروز قبل دوبارہ سانس اکھڑنے لگی پھر بحال نہ ہو سکی اورخرم شہزاد مسلسل کئی روز تک کرونا سے ایک طویل جنگ لڑتے گزشتہ روز عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں بالآخر ہارگیا۔

مرحوم کو تحصیل انتظامیہ کے عملہ کی جانب سے حکومتی ہدایات کے مطابق تمام تر ضروری احتیاطی اقدامات کر کے مختصراً نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد اس کے آبائی گاؤں میں دفن کردیا گیا۔

خرم شہزاد کی فیملی کے 14 لوگوں کے سیمپل ٹیسٹ کے لئے بھجوائے گئے ہیں جن کی رپورٹس کا انتظار ہے ، اس موقع پر تحصیل انتظامیہ کی جانب سے اہل خانہ اور وارثان سے افسوسناک واقعہ پر اظہار افسوس کیا گیا اور عوام الناس کے لیے جاری احتیاطی بیان میں بتایا گیا ہے کہ آپ سب کو معلوم ہے کہ کرونا وائرس انتہائی تیزی سے ایک شخص سے دوسرے شخص تک پھیلتا ہے۔

اس لیے عوام الناس سے پرزور اپیل ہے کہ اپنے گھروں میں رہیں اور غیر ضروری میل جول سے اجتناب کریں۔ اپنے ہاتھوں کو بار بار صابن سے دھوئیں اور اس سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کر یں۔

دعا ہے کہ اللہ پاک ہم سب کی حفاظت فرمائے اور ہم سب کو اس بیماری سے دور رکھے اور جو اس بیماری میں مبتلا ہیں ان کو جلد صحتیابی عطا فرمائے۔آمین


واپس جائیں