تارکین وطن کی خبریں
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے پوری پاکستانی قوم کے سر فخر سے بلند کر دئیے ہیں۔

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے برطانوی پارلیمنٹ کا پہلا مسلم اور پاکستان نژاد ممبر بن کر تاریخ رقم کی تھی، اب اسکاٹ لینڈ کے ایک بڑے اخبار ہیرالڈ نے ان کو اسکاٹش تاریخ کی ان 50 شخصیات میں 19ویں نمبر پر شمار کیا ہے جن پر اسکاٹ لینڈ کو فخر ہے اور انہوں نے اپنے اپنے انداز میں پوری دنیا پر اثرات مرتب کیے۔

اس لسٹ میں سیاستدان، سائنسدان، فلم اسٹار، ماہرین تعلیم، مذہبی شخصیات کے علاوہ ہر شعبہ زندگی کے افراد شامل ہیں۔ چوہدری محمد سرور 1976ء میں فیصل آباد سے گلوسگو آئے تھے۔ ان کی شادی اپنی چچازاد کزن پروین سرور سے ہوئی، جن سے ان کے تین بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔

اسکاٹ لینڈ میں اپنے کاروبار کا آغاز اپنے بھائی چوہدری رمضان کے ساتھ ایک چھوٹی سی دکان سے کیا اور پھر اس کو انڈوں اور پنیر کے ہول سیل بزنس میں تبدیل کردیا۔ اللہ تعالیٰ نے اپنا خاص کرم کیا اور ان کا کاروبار ترقی کرتا ہوا کئی بڑی کیش اینڈ کیریز میں ابھی تک چل رہا ہے جس کی نگرانی ان کے بڑے بیٹے عاطف سرور کرتے ہیں اور اس کا سالانہ ٹرن اوور کئی سو ملین پونڈ ہے۔

سیاست کا آغاز انہوں نے گلوسگو میں کونسلر کے طور پر کیا اور1997ء میں گون گلاسگو سے برطانیہ کے پہلے پاکستانی نژاد اور مسلم ممبر پارلیمنٹ بنے، اس وقت پارلیمنٹ کا ممبر بننا انتہائی مشکل کام تھا جب کہ محمد سرور کے آنے سے دیگر بے شمار افراد کے ممبر پارلیمنٹ بننے کا راستہ کھل گیا۔

محمد سرور نے بطور ممبر پارلیمنٹ کشمیر اور فلسطین کے مسائل پر کھل کر پارلیمنٹ میں کام کیا اور پاکستان میں چیرٹی کے بے شمار پروگراموں کا آغاز کیا جس میں رجانہ اور ساہیوال میں دو بڑے اسپتالوں اور اسکول کا قیام شامل ہیں۔


واپس جائیں