تارکین وطن کی خبریں
چودھری پرویز اقبال لوہسر کی سفیرپاکستان شجاعت علی راٹھور سے دی ہیگ میں ملاقات

دی ہیگ(پ ر)ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن کے چیئرمین چودھری پرویز اقبال لوہسر نے نیدرلینڈز میں پاکستان کے سفیر شجاعت علی راٹھور سے دی ہیگ میں ملاقات کی اور فیڈریشن کی خدمات کے بارے میں سفیر پاکستان کو آگاہ کیا.ملاقات میں ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن کے صدر چودھری مظہر، ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن نیدرلینڈز کے صدر ڈاکٹر محمد کامران اور سفارت خانہ پاکستان دی ہیگ کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن اعزاز خان بھی موجود تھے. پرویز اقبال لوہسر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ کے چودہ ممالک میں سرگرم ہے اور آئندہ چند مہینوں میں اس کا دائرہ کار چھبیس ممالک تک پھیلایا جائے گا. ان کا مزید کہنا تھا کہ فیڈریشن پندرہ اگست کو بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منائے گی اور بھارتی فوج کی درنگی کو دنیا کے سامنے بےنقاب کرے گی.

سفیر پاکستان شجاعت علی راٹھور نے ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن کی پاکستان اور کشمیر کاز کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا. سفارت خانہ پاکستان دی ہیگ کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن اعزاز خان کا کہنا تھا کہ پرویز اقبال لوہسر صاحب کی طرف سے کی جانے والی خدمات قابل ستائش اور قابل تقلید ہیں.

ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن نہ صرف یورپ میں پاکستان کا مثبت چہرہ دکھانے کے لئے کوشاں ہے بلکہ پاکستان کے خلاف کیے جانے والے منفی پروپیگنڈے کا جواب بھی دیتی ہے. ضرورت اس بات کی ہے کہ اوورسیز پاکستانی اپنی صفوں میں اتحاد قائم کریں تاکہ پاکستان مخالف قوتوں کا مقابلہ کیا جا سکے.


واپس جائیں