حکومت کی ٹیکسی سیکٹر کے مطالبات ماننے کی یقین دہانی، بارسلونا میں ہڑتال ختم
بارسلونا(جواد چیمہ) حکومت کی جانب سے مطالبات ماننے کی یقین دہانی کے بعد بارسلونا میں ایک ہفتےسے جاری ٹیکسی سیکٹر کی ہڑتال و دھرنا ختم ہو گیا۔ ہڑتال ختم کرنے کا اعلان ٹیکسی سیکٹر کی ایسوسی ایشنز کی اسمبلی میں شرکاء کے اتفاق رائے سے کیا گیا گزشتہ روز منسٹری آف ٹرانسپورٹ جنرالیتات اور ٹیکسی ایسوسی ایشنز کی میٹنگ میں منسٹری آف ٹرانسپورٹ نے VTC کے حوالے سے قانون سازی کا اختیار جنرالیتات کے حوالے کرنے کی یقین دہانی کراوئی اور کہا کہ ستمبر اکتوبر تک اس پر عمل درآمد ہونا شروع ہو جائے گا۔
مذاکرات کے بعد دھرنے کے شرکاء نے وقتی طور پر دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ہم مطالبات کی منظوری تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اگرحکومت نے مطالبات پورے کرنے کیلئے کوئی سنجیدہ کوشش نہ کی تو ستمبر میں دوبارہ ہڑتال کی کال دی جا سکتی ہے۔ ٹیکسی سیکٹر سے وابسطہ پاکستانی شخصیات نے نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم دھرنا حکومت کے مثبت رد عمل کی وجہ سے ختم کر رہے ہیں اور اگر حکومت نے ہمارے مطالبات پورے کرنے میں کسی غفلت کا مظاہرہ کیا تو ہم اسی جگہ دوبارہ ہڑتال و دھرنے دینے کے لئے تیار ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ انٹرنیشنل میڈیا نے ہمارے مطالبات کو جائز قرار دیا ہے اور ہمارے مواقف کو سراہا ہے۔ گفتگو کر نے والوں میں چوہدری خالد محمود، سجاد چیمہ، عامربھٹی، غلام رسول گھمن، چوہدری سمیع، شوکت میکن اور چوہدری فیصل گجر شامل تھے