کھیل کے میدانوں سے سیاسی اور جھگڑالو کھلاڑیوں کی رخصتی نا گزیر ہے، اُمید ہے یورپ بھر کی ایسسوسی ایشنز بھی تعاون کریں گی۔
فرانس کی تینوں والی بال ایسوسی ایشنز نے جھگڑالو کھلاڑی وسیم شوکت گجر پر فرانس میں کھیلنے پر تاحیات پابندی لگادی۔
پیرس (اشفاق چوہدری) فرانس والی بال ایسوسی ایشنز کا مشترکہ اعلان ۔ پیریفئت گجر والی بال کلب کے کھلاڑی وسیم شوکت گجر پر فرانس میں والی بال ٹورنامنٹ میں حصہ لینے پر تاحیات پابندی۔ تفصیلات کے مطابق حیدری وال بال ایسوسی ایشن کے چھٹے سالانہ والی بال ٹورنامنٹ میں وسیم شوکت نے مخالف ٹیم کے کھلاڑی کے ساتھ بدتمیزی اور ہاتھا پائی کی ۔ جو کہ ایک اسپورٹس مین کو زیب نہیں دیتا۔ وسیم شوکت کی اس ہاتھا پائی کی وجہ سے دونوں ٹیموں اور ان کے حواریوں کے درمیان تناؤ پیدا ہوگیا۔ ان حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے حیدری والی بال ایسوسی ایشن کی انتظامیہ نے ٹورنامنٹ کے باقی میچ کینسل کردئے اور ٹورنامنٹ منسوخ کردیا۔ جس کی وجہ سے فرانس اور یورپ بھر سے آئے ہوئے ہزاروں شائقین والی بال کو سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ آج ٹورنامنٹ انتظامیہ کی دعوت پر فرانس میں ٹورنامنٹ کرانے والی تینوں ایسوسی ایشنز فرانس پاکستان ایسوسی ایشن ، ویلئر لابیل والی بال ایسوسی ایشن اور حیدری والی بال ایسوسی ایشن کے ذمہ داران اکٹھے ہوئے۔ اور تمام حالات کا جائزہ لیکر متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ جھگڑے کی بنیاد بننے اور ٹورنامنٹ کی منسوخی کا محرک کھلاڑی وسیم شوکت گجر ہے۔ اور ایسوسی ایشنز کا متفقہ فیصلہ ہے کہ آئندہ فرانس میں کسی بھی ٹورنامنٹ میں اس کے کھیلنے پر پابندی لگائی جاتی ہے۔ حیدری والی بال ایسوسی ایشن کے ذمہ داران کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کی منسوخی پر ہم اپنے تمام معزز مہمانوں سے معذرت خواہ ہیں ۔ فرانس میں اپنے ہم وطنوں کو مثبت تفریح مہیا کرنے کے لئے ہم نے ہمیشہ بے لوث محنت کی ہے ۔ کھیل ڈسپلن اور برداشت کا دوسرا نام ہے۔ اور جن کھلاڑیوں کی پروموشن اور فائدے کے لئے ہم تمام ایسوسی ایشنز اس طرح کے ٹورنامنٹ کراتے ہیں ان میں سے ہی ایک کھلاڑی کی وجہ سے آج شائقین والی بال کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ امید ہے کہ وسیم شوکت پر پابندی کے فیصلے پر یورپ بھر کی والی بال ایسوسی ایشنز بھی تعاون کریں گی