تارکین کی بے دخلی، ٹرمپ انتظامیہ کے اختیارات میں اضافہ
واشنگٹن(آن لائن)ٹرمپ انتظامیہ نے حکومت کے غیر قانونی تارکین کو بے دخل کرنے کے اختیارات میں اضافہ کر دیا ہے،اس سلسلے میں غیرقانونی تارکین کی بے دخلی کیلئے امیگریشن سروسز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس سے قبل امیگریشن حکام بے دخلی کے کیسز ہوم لینڈ سکیورٹی کو بھیجتے تھے،اب امیگریشن حکام کو بے دخلی کے کیسز پر کارروائی کا اختیار ہوگا۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز امریکا کی جانب سے غیرقانونی تارکین کیخلاف کارروائی میں خاندانوں سے ان کے بچوں کو علیحدہ کرنے کے معاملے کیخلاف احتجاج کیاگیا۔ مظاہرین نے لبرٹی آئی لینڈ میں مجسمہ آزادی کے قریب مظاہرہ کیا،مظاہرہ کرنیوالی ایک خاتون نے مجسمہ آزادی پر چڑھنے کی کوشش بھی کی۔پولیس نے خاتون سمیت متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا جبکہ ہزاروں سیاحوں کو لبرٹی آئی لینڈ سے نکال کر جزیرے کو بند کردیا۔