میاں نواز شریف کے خلاف فیصلہ آنے پر پی ٹی آئی اسپین کا جشن اور مٹھائی تقسیم
بارسلونا(نمائندہ خصوصی )اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کو 10 سال، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 7 سال جبکہ داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید بامشقت کی سزا سنا دی ہے۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیرِاعظم نواز شریف کو دس سال قید، ایک ارب انتیس کروڑ روپے جرمانہ، مریم نواز کو سات سال قید، 32 کروڑ روپے جرمانہ، شریف فیملی کے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس بحقِ سرکار ضبط کرنے کا حکم اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بھی ایک سال قید بامشقت کی سزا سنا دی گئی۔
میاں نواز شریف کے خلاف فیصلہ آنے پر پی ٹی آئی اسپین نے بارسلونا اور اس کے نواحی ضلع بادالونا میں جشن منایا اور مٹھائی تقسیم کی ۔ پارٹی ترانوں پر پی ٹی آئی کے کارکنان رقص کرتے رہے اور آئی آئی پی ٹی آئی ،پاک فوج زندہ باد، عدلیہ زندہ باد،پاکستان زندہ باد،اب راج کرے گی پی ٹی آئی کے فلک شگاف نعرے بلند کرتے رہے۔ جشن کے موقع پر عبدالصبور، ڈاکٹر ہما جمشید،عاطف ظہیر، چوہدری محمد ناصر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو کرپشن کے کینسر نے دیمک کی طرح کھالیا آج بچہ بچہ مقروض ہے،پاکستان میں گزشتہ سالوں میں جس نے بھی حکومت کی پیسہ چوری کرکے باہر لے گئے اور ملک پر قرضہ چڑھا دیا، انہو ں نے کہا کہ عمران خان نے22 سال پہلے جو جدوجہد شروع کی اس پر آج فیصلہ آگیا،اور آج عمران خان اپنی قوم کے سامنے سرخرو ہو گیا ، ملکی تاریخی میں پہلی بار ایک طاقتور کو سزا ہوئی ورنہ تو ہمیشہ کمزوروں کو سزا ہوتی تھی،مقررین نے کہا کہ شریف خاندان کو سزا پر عوام شکرانے کے نفل ادا کرے یہ نئے پاکستان کا آغاز ہے ، اب بڑے بڑے ڈاکوؤں کو سزائیں ہوگی اور وہ جیلوں میں جائیں گے۔