"بارسلونا کرکٹ کلب "کی سالانہ کرکٹ لیگ کے لئے نئی وردی کی تقریب رونمائی،مہمان خصوصی ظہیر عباس اور علی عمران چوہدری
بارسلونا( بلال بھٹی)گزشتہ روز مقامی ریسٹورنٹ میں "بارسلونا کرکٹ کلب "کی سالانہ کرکٹ لیگ کے لئے نئی وردی کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی پاکستان کے لیجنڈ کرکٹرایشئین ڈان بریڈ مین ظہیر عباس اور قونصل جنرل بارسلونا علی عمران چوہدری تھے ۔ تقریب میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض خالد شہباز چوہان نے ادا کئے ۔ ایشین بریڈ مین ظہیر عباس اورقونصل جنرل بارسلونا علی عمران چوہدری کے ہمراہ سلمان گوندل ، حاجی اسد حسین ، آفتاب کرنسی ، نثار احمد ، ارمغان خان ، ڈاکٹر عرفان مجید راجہ اور دیگر معززین نے کھلاڑیوں میں نئی وردی تقسیم کی ، اس موقع پر مقامی بلدیہ اور نئے سیاسی پلیٹ فارم" بارسلونا کم تو " کے صدر دانیال، ڈائریکٹر انتونیا،امیگریشن انچارج بلدیہ بارسلونا لولا لوپس بھی موجود تھے جنہوں نے بارسلونا کرکٹ کلب کے کھلاڑیو ں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسپین فٹ بال کا گھر ہے لیکن ہمیں خوشی ہوتی ہے جب دیگر ممالک کے لوگ اپنی اپنی کھیلوں کے ذریعے ہماری ثقافت کومزید چار چاند لگا دیتے ہیں۔ اسی طرح ایشیئن کمیونٹی نے یہاں بارسلونا میں کرکٹ کو متعارف کرایا ہے۔ جس سے مقامی لوگوں کو بھی کرکٹ سے آگاہی ہوئی۔مزید کہنا تھا کہ کھیل کوئی بھی ہو معاشرے کی ترقی اور باہمی ہم آہنگی کا باعث بنتے ہیں اور نوجوانوں کی جسمانی سرگرمیوں کا اظہار کرتے ہیں ۔
قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ برطانیہ ،کینیڈا اور دیگر ممالک میں رہا ہوں وہاں پر پاکستانی کمیونٹی کے زیادہ ہونے کی وجہ سے کرکٹ بھی ایک مقبول کھیل ہے لیکن اسپین میں میں نے دیکھا ہے کہ یہاں پر بھی کرکٹ مقبول کھیل بنتا جارہا ہے۔اور پاکستانی نوجوان اس کھیل کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔، ظہیر عباس نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں تیسری دفعہ بارسلونا آیا ہوں پہلی بار 1971میں جب میں نے انگلینڈ کے خلاف 274سکور کیا تھا اور دوسری بار یہاں کرکٹ گراونڈ کے افتتاح کے لئے اور اب تیسری بار یہاں آیا ہوں ، انہوں نے کہا کہ جب بھی بارسلونا آنا ہوا بہت خوشی ہوئی کہ یہاں پر کرکٹ بڑھتی جارہی ہے۔ اور نوجوان دوسری سرگرمیوں کی بجائے کھیل پر توجہ دے رہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ اسپین سے بھی اچھے کھلاڑی نکلیں گے اور وہ پاکستان کرکٹ کی نمائندگی کریں گے۔اور اسپین میں بھی کرکٹ کی دنیا میں نام پیدا کریں گے۔