مہاجرین کے ساتھ سمندر میں پھنسا بحری جہاز "لائف لائن" آج مالٹا کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہو گا
مالٹا کے وزیراعظم جوزف مسکاٹ نے کہا ہے کہ لائف لائن نامی بحری جہاز آج مالٹا کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہو گا۔ سمندری راستوں سے یورپ پہنچنے والے مہاجرین کو سمندروں میں ڈوبنے سے بچانے والی ایک غیر سرکاری تنظیم کا یہ جہاز گزشتہ کئی دنوں سے بحیرہ روم میں پھنسا ہوا ہے اور اسے کسی بھی یورپی ملک میں لنگر انداز ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی تھی۔ اس جہاز پر 233 مہاجرین بھی موجود ہیں۔ جوزف مسکاٹ نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ جہاز آج شام تک مالٹا کے ساحل تک پہنچ جائے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سات یورپی ممالک نے لائف لائن پر موجود مہاجرین کو اپنے ہاں رکھنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔