بیلجیئم ، سوشلسٹ پارٹی کی جانب سے پاکستانی امیدواروں کو بھی ووٹ جاری
برسلز(حافظ انیب راشد( بیلجیئم کی سوشلسٹ پارٹی نے اکتوبر 2018 کے بلدیاتی الیکشن میں 4 پاکستانی امیدواروں کو بھی ووٹ جاری کردیا ۔اس حوالے سے گزشتہ روز 2 امیدواروں نے مقامی ریسٹورینٹ میں ایک تعارفی تقریب منعقد کی جس میں برسلز پارلیمنٹ کے پہلے پاکستانی نژاد رکن ڈاکٹر منظور ظہور کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی چیدہ شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔
اس موقع پر آندرلیخت کمیون سے امیدوار عامر نعیم اور برسلز کے قلب میں واقع 1000 برسلز کمیون سے امیدوار محمد ناصر چوہدری نے اپنا ذاتی تعارف پیش کیا۔محمد عامر نعیم کے مطابق وہ گذشتہ 14 سال سے سوشلسٹ پارٹی کے ساتھ وابستہ ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ پارٹی معاشرے کے تمام طبقات خصوصا پسے طبقات کے مفادات کی واحد محافظ ہے ۔محمد ناصر چوہدری نے کہا کہ سوشلسٹ پارٹی اور موجودہ حکمران پارٹی کے منشور کا بنیادی فرق یہ ہے کہ " ہر شخص اپنی ذاتی ملکیت میں سے دوسرے ضرورت مند کی مدد کرنے کا پابند ہے جبکہ ایم آر پارٹی کا منشور کہتا ہے " ذاتی ملکیت ہر شخص کا بنیادی حق ہے " ۔ موجودہ صورتحال میں دنیا بھر میں مسائل کو دیکھتے ہوئے میں یہ سمجھتا ہوں کہ سوشلسٹ پارٹی کا منشور لوگوں کے مصائب کو کسی حد تک کم کرنے میں اپنا کردا ادا کر سکے گا ۔اس موقع پر دونوں امیدواروں نے کہا کہ حکومت میں موجود پارٹی یہ غلط تاثر دیتی ہے کہ اس کی پالیسیاں بزنس فرینڈلی ہیںجبکہ حقیقت میں ایسا نہیں ۔ ڈاکٹر منظور ظہور نے کہا کہ اپنے انتخاب کے بعد ان کی کوشش تھی کہ برسلز کی 19 میونسپل کمیٹیز جنہیں کمیون کہا جاتاہے وہاں پاکستانی کمیونٹی کا نمائندہ ضرور ہو ۔ انہیں اس طرح کامیابی تو نہیں ملی لیکن بہر حال سفر آگے بڑھا ہے