اردودوست ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام فیملی عید ملن پارٹی قونصل جنرل چوہدری عمران علی ،لیجنڈ کرکٹرظہیر عباس کی شرکت، بچوں اور خواتین میں انعامات کی بارش
بارسلونا( بلال بھٹی)اردودوست ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام گزشتہ روز بارسلونا سنٹر میں چوتھی عید ملن پارٹی ہو ئی جس میں خواتین بچوں اور بڑوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔عید ملن پارٹی کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے ہوا جس کی سعادت قاری قرآن عبدالرحمن نے حاصل کی۔ عید ملن پارٹی کی نظامت راجہ نامدار اقبال خان ،جواد چیمہ اور داکٹر عرفان مجید راجہ نے سرانجام دی۔ پارٹی کی خاص بات پاکستان کے لیجنڈ کرکٹر ظہیر عباس نے شرکت کی اور فیملیز کی بڑی تعداد میں شرکت کو دیکھ کر انہو ں نے کہا کہ پردیس میں دیس جیسا رنگ جما ہوا ہے۔ انہو ں نے پارٹی کے آرگنائزرز کو مبارک باد بھی پیش کی۔
اردو دوست ایسوسی ایشن کا تعارف صدر ڈاکٹر عرفان مجید راجہ نے کرایا انہہو ں نے ایسوسی ایشن کے اغراض ومقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد پاکستان اور اسپین کی ثقافت کو ایک ساتھ لے کر چلنا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ جو باتیں اسپین کی ثقافت کی آپ لوگوں کو پسند ہیں انہیں اپنائیں اور جو پسند نہیں ان سے دور رہیں۔ انہو ں نے کہا کہ ہمارا دوسرا مقصد اپنے بچوں میں تعلیمی شعور بیدار کرنا ہے۔ اور ان کی رہنمائی کرنا ہےکہ اسپین کے تعلیمی نظام میں آپ کس طرح داخل ہو سکتے ہیں اور اپنی تعلیم کیسے جاری رکھ سکتے ہیں ۔ انہو ں نے مزید کہا کہ ہماری عید ملن پارٹی بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے کہ اسپین میں مقیم خاندان ایک دوسرے کے قریب ہو ں اور دکھ سکھ میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں ۔ عید ملن پارٹی میں مقامی ثقافت اور سیاست کے حوالہ سے آسان سوالات کئے گئے جن کے بچوں اور خواتین نے جواب دے کر بیش قیمت انعامات حاصل کئے۔ انعامات میں گھریلو استعمال کی اشیائ ،بچوں کے کھلونے، اور کچن سے متعلقہ مشینیں دی گیئں۔بچوں نے اسٹیج پر ملی نغمے، تلاوت، لطائف اور پہیلیاں سنائی۔اور ہال میں موجود شرکائ سے داد وصول کی۔ علی ریحان قمر نے ملی نغمہ بڑا دشمن بنا پھرتا ہے جو بچوں سے لڑتا ہے سنایا تو ہال تالیاں بجا کر داد دینے پر مجبور ہوگیا۔ پی ایچ ڈی، میڈیکل اور کمپیوٹر سائینس کی طالبات نے اسٹیج پر گفتگو جرتے ہوئے کہا کہ اردو دوست ایسوسی ایشن نےہماری بھر پور رہنمائی کی ہے ۔اور آج ہم اس مقام پر ہیں طالبات کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عرفان مجید راجہ نے ہمارا حوصلہ بڑھایا اور ہمیں یہاں کے مقامی تعلیمی نظام کے بارے میں سمجھایا جو ہمارے لئے انتہائی مشکل نظر آ رہا تھا ۔ لیکن ہم نے ان کی رہنمائی میں جلد اس نظام کو سمجھا اور امتحان پاس کر کے آج میڈیکل ، پی ایچ ڈی اور کمپیوٹر سائنسز میں اعلیٰ ڈگریا ں حاصل کر رہی ہیں ۔ انہو ں نے مزید کہا کہ اسپین میں مقیم خاندانوں کو اپنے بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینی چاہیئے یہاں کا تعلیمی نظام بہت آسان ہے۔ اسے سمجھیں اور آگے بڑھیں۔ اگر ہم تعلیمی میدان میں آگے آئیں گے تو بہت جلد یہاں کے مقامی اداروں میں ہمارے بچے اسپین کی خدمت کرتے نظر آئیں گے۔ عید ملن پارٹی کے مہمان خصوصی قونصل جنرل چوہدری عمران علی نے کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی کمیونٹی کی مثبت باتو ں کو نمایا ں کرنا چاہیئے ۔ جس سے ہمارا اور ہمارے وطن کا امیج بہتر ہو گا ۔ انہو ں نے کہا کہ صلہ رحمی اور دوسروں کے کام آنے کا جذبہ سب سے زیادہ پاکستانیوں میں ہے۔ اس کی کئی ایک زندہ مثالیں اس معاشرہ میں موجود ہیں۔ ہمیں چاہیئے کہ ہم ان مثالوں کے ذریعے ایک اچھا تاثر چھوڑ سکتے ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ اردو دوست ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عرفان مجید راجہ اور بانی صدرڈاکٹر قمر فاروق تعلیمی میدان میں جو خدمات سر انجام دے رہے ہیں وہ قابل تحسین ہیں۔ اور اردو زبان کو اسپین میں آگے بڑھا رہے ہیں وہ بھی قابل فخر بات ہے۔ انہو ں نے کہا کہ مجھے یہاں آئے ابھی چند ہفتے ہوئے ہیں میں نے کمیونٹی کے لئے قونصل خانے کے دروازے کھول دئیے ہیں۔ تمام لوگ جن کو کوئی مسئلہ ہے اور وہ مجھ سے ملنا چاہتا ہو وہ مجھے فون کرے میسج کرے اور ملاقات کرے۔ انہو ں نے کہا کہ ہم لوگ آپ کی پریشانیو ںکو کم کرنے کے لئے آئے ہیں ناکہ مشکلات کو بڑھانے۔ عید ملن پارٹی کی رنگا رنگ تقریب کو معروف فوک گلوکار قدیر اے خان اور اویس سعید نے اپنے نغموں سے چار چاند لگا دئیے انہو ں نے اپنی گائیکی سے شرکائ کے دل موہ لئے۔اور خوب داد سمیٹی۔ اردو دوست ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ہونے والی چوتھی عید ملن پارٹی کو ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین، پیس فار پیس، آل پاکستانی فیملیز ایسوسی ایشن، اجنتو منت بارسلونا، میوزیم ماریتم ،کشمیر کی آواز ایسوسی ایشن، آفتاب کرنسی ایکسچینج،قرطبہ ریسٹورنٹ اینڈ میرج ہال، ذیشان کبابش ریسٹورنٹ، عادل تندوری ریسٹورنٹ، اور چوہدری مبشرکا بھر پور تعاون حاصل رہا ۔