موت سے بچ جانے والے مزید 522 تارکین وطن اٹلی پہنچ گئے، حکومت روکنے میں ناکام
روم (نیوز ڈیسک) اطلالوی کوسٹ گارڈ کا ایک جہاز 522تارکین وطن کو لے کر جزیرہ سسلی پہنچ گیا۔ ان میں درجنوں وہ تارکین وطن بھی ہیں جنہیں امریکی بحریہ نے بحیرہ روم میں لیبیا کے پانیوں کے قریب بچالیا تھا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے نئے اطلالوی وزیرداخلہ نے بچائے گئے تارکین وطن کو اٹلی کی حدود میں داخلے سے روکنے کا اعلان کیا تھا تاہم گزشتہ شب ایک جہاز 522تارکین وطن کے ساتھ سسلی کی ایک بندرگاہ پوزالو پر لنگر انداز ہوا۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے تصدیق کی ہے کہ ایک امدادی جہاز 522افراد کو لے کر بحفاظت پوزالو پہنچ گیا ہے۔ عالمی ادارے کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ افراد مختلف امدادی کارروائیوں میں بچائے گئے۔ ان میں 42ایسے افراد بھی ہیں، جنہیں ڈوبتے ہوئے بچایا گیا اور انہیں فوری طبی نفسیاتی مدد کی ضرورت ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اٹلی پہنچنے والے ان تارکین وطن میں سے درجنوں ایسے ہیں جو جسم میں پانی کی کمی کا شکار ہیں۔ ان میں سے 6بچوں، 3خواتین اور ایک مرد کو پوزالو میں ریڈکراس کے زیرانتظام ایک طبی مرکز میں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔ فی الحال یہ معلوم نہں ہے کہ آیا سسلی پہنچنے والے تارکین وطن میں وہ 41افراد بھی شامل ہیں جنہیں گزشتہ منگل کو لیبیا کے پانیوں کے قریب امریکی بحری جہاز ٹرنٹون نے بچایا تھا۔ امریکی بحیرہ کے مطابق ایک تیز رفتار کارگو جہاز نے سمندر میں 12لاشیں دیکھی تھیں تاہم جب امریکی امدادی کارروائی شروع ہوئی تو یہ لاشیں نہ مل پائیں۔ واضح رہے کہ نئے اطلالوی وزیرداخلہ ماتیوسالوینی نے تارکین وطن کو بچانے والی امدادی تنظیموں کو خبردار کیا ہے کہ انہیں، سامان نما انسان، اطلالوی بندرگاہوں تک لانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔