ایچ ای سی پاکستان اور فرانس اعلی تعلیم کے فروغ کیلئے کوشاں ، پیرس میں اپنی نوعیت کے پہلے کیمپس کا افتتاح
پیرس(اشفاق چوہدری) پاکستان ڈے، کے حوالے سے ہائر ایجوکیش آف پاکستان اور ان کے فرانسیسی ہم منصب کی جانب سے فرانس کیمپس کی افتتاحی تقریب آج پیرس میں منعقد ہوئی۔ اس قسم کی یہ تیسری تقریب ہے جس کا مقصداعلی تعلیمی تعاون کو پاکستان اور فرانس کے درمیان فروغ دینا ہے۔
ڈاکٹر ارشاد علی ایگزیگٹیو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن نے افتتاحی تقریب سے اظہار خیالات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہائر ایجوکیش اور فرانس کیمپس کی موجودہ کاوشوں سے مطمئن ہیں اور انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی سکالرز کو فرانس کی اعلی یونیورسٹیوں میں ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ کی ڈگریوں کے پروگرام میں بھیجیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک خصوصی "بلوچستان پروگرام" کے تحت بلوچستان کے مستحق طالبعلموں کو بھی بیرون ملک اعلی تعلیم حاصل کرنے کے مواقعے فراہم کر رہے ہیں۔ جناب تھیری ویلینٹن ایگزیگٹیو ڈائریکٹر کیمپس فرانس نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے گزشتہ سال 20 رکنی فرانسیسی یونیورسٹیوں کے وفد کے دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسی طرح اعلی تعلیمی وفود کے مسلسل تبادلوں سے دونوں ممالک کے درمیان اعلی تعلیمی شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔ جناب مارک بیتنے فرانسیسی سفیر برائے پاکستان اور جناب امجد عزیز قاضی چارج ڈی افیئرسفارت خانہ پاکستان برائے فرانس نے اس موقع پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تعلیمی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے دونوں ممالک کی حکومتوں کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ اس سے قبل سفیر پاکستان برائے فرانس جناب معین الحق نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے وفد کے اعزاز میں 18 جون 2018 کو پیرس میں رات کے کھانے پر مدعوع کیا تھا جس میں فرانس کے اعلی سرکاری افسران اور سکالرز نے شرکت کی۔ اس افتتاحی تقریب میں فرانسیسی اعلی تعلیمی ادارے، وزرات تعلیم، وزارت خارجہ کے نمائندوں اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر ارشاد کی سربراہی میں پاکستان کی تیرہ اعلی یونیورسٹیوں کا چودہ رکنی وفد فرانس کے ایک ہفتہ کے دورے پر ہے۔ یہ وفد فرانس میں اپنے قیام کے دوران پیرس، لیوں اور گغنوبل کا بھی دورہ کرے گا تاکہ اعلی تعلیمی شعبے میں باہمی تعاون کو مزید بڑھایا جاسکے۔