تارکین وطن کی خبریں
سعودی عرب میں پاکستانیوں کیلئے بری خبر، فیملی پر دگنا ٹیکس دینا پڑیگا

کراچی: (بیورورپورٹ ) سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے لئے بری خبر، یکم جولائی سے ورکز کی فیملی پر عائد ٹیکس کی شرح دگنی ہوجائے گی۔سعودی عرب میں مقیم پاکستانی فیملیز کی پریشانی میں مزید اضافہ ہونے والا ہے جس کی سب سے بڑی وجہ ٹیکسوں میں دگنا اضافہ ہے، گذشتہ برس ورکز کی فیملی کے ہر فرد پر ماہانہ 100 ریال ٹیکس عائد کیا گیا تھا جسے رواں برس جولائی میں 200 ریال تک کر دیا جائے گا۔

اس کا صاف مطلب ہے کہ اب ہر پاکستانی کو ماہانہ 25 ہزار 600 روپے ادا کرنا ہونگے جبکہ سال 2020 تک ٹیکس کی یہ شرح 51 ہزار 600 روپے ماہانہ تک پہنچ جائے گی۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے اس اقدام سے 25 سے 30 ہزار خاندان سعودی عرب سے واپس پاکستان منتقل ہوسکتے ہیں۔

پاکستان کو ایک کثیر رقم ترسیلات زر کی مد میں سعودی عرب سے ہرسال موصول ہوتی ہے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2017 میں پاکستان کو 19 ارب 30 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر وصول ہوئیں جس میں سے 5 ارب 50 کروڑ ڈالر سعودی عرب سے وصول ہوئے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق سعودی عرب کے حالیہ اقدامات کے باعث کئی فیملیز پاکستان واپس آجائیں گی جس سے ترسیلات زر میں کمی کا خدشہ ہے۔


واپس جائیں