پادری دون روبرٹو کا مسجد الھدی پیولتیلو میں افطار ڈنر
میلان(نمائندہ خصوصی)الھدی مسجد پیولتیلو میں بروز سوموار سنی فوڈز کی جانب شاندار افطار پارٹی دی گئی جس میں لگ بھگ 180 روزے داروں نے افطاری کی نماز مغرب کی ادائیگی کے وقت مسجد میں ایک دلچسپ صورتحال دیکھنے کو ملی جب صدر الھدی محمد دانواہ نے نمازیوں کو بتایا کہ انکے درمیان علاقے کے معروف پادری don roberto بھی موجود ہیں جو کہ خصوصی دعوت پر آج ہمارے ساتھ افطار پارٹی میں بھی شریک ہوں گے۔ دون روبیرٹو نے مسلمان کمیونٹی سے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے مسجد میں آکر نوجوانوں کا عبادت کرنا اور دعائیں کرتے ہوئے دیکھنا قابل رشک بھی ہے اور قابل حیرت بھی،قابل حیرت اس لیئے کہ آج ہمارے معاشرے میں لوگوں کے پاس ہر کام کے لئے وقت ہے سوائے عبادات خداوندی کے دعا مانگنے کا تصور ان معاشروں میں بہت کم ہوتا جا رہا ہے جو کہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ انہوں نے مسلمان کمیونٹی کو رمضان المبارک کی مبارک باد دی اور ان کے نیک اعمال کو سراہا۔ مسلمان کمیونٹی کی طرف سے شیخ مولانا محمد مسلم (امام مسجد)نے پادری صاحب کو روزے کی افادیت اور اغراض و مقاصد کے بارے تفصیل سے بیان کیا۔ پاکستان کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے ساجد علی (DGPTI) نے دسترخوان پر موجود پاکستانی مراکشی اور مصری کھانوں کے اجزائے ترکیبی اور ان کے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کرتے ہوئے معززین کو پیش کئیے۔ دون روبرٹو نے بریانی اور حریرہ کو سیر ہو کر نوش فرمایا۔