رمضان المبارک نہ صرف صبر کی تلقین کرتا ہے بلکہ نوح انسانی کو ایک جگہ جمع بھی کرتا ہے۔ اوہسپیتالیت فورم کے زیر انتظام اوپن افطارسے مقررین کا خطاب
بارسلونا(جواد چیمہ)آو مل کر رہیں اور دنیا کو امن کا گہوارہ بنا دیں دنیا کا کوئی مذہب جنگ نہیں چاہتا ، اور نہ ہی نفرت کا پرچار کرتا ہے۔اسلام امن کا مذہب ہے اور دنیا میں تمام انسانوں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر رہنا سیکھتا ہے۔ رمضان المبارک اس لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے کہ یہ مہینہ نا صرف صبر کی تلقین کرتا ہے بلکہ نوح انسانی کو ایک جگہ جمع بھی کرتا ہے۔
گزشتہ روز بارسلونا کے نواحی ضلع اوہسپیتالت میں بین المذاہب ہم آہنگیکی بنیاد پر بننے والے اوہسپیتالیت فورم کے زیر انتظام اوپن افطار کا اہتمام کیا گیاجس میں مسلمان ، ہندو سکھ عیسائی اور یہودیوں کے علاوہ مقامی بلدیہ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔اوپن افطار کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ وعلیہ والہ وسلم سے ہوا۔ اوہسپیتالیت فورم میں پاکستانی کمیونٹی سمیت دیگر ممالک کی کمیونٹیز کی بھی ایسوسی ایشن شامل ہیں پاکستانیوں کی جانب سے آل پاکستانی فیملی کے طاہر رفیع اور منہاج القرآن کی جانب سے میڈم عاصمہ نے فورم کے اغراض ومقاصد اور افطار کے بارے بتایا۔ بلدیہ اور دیگر سرکاری اداروں کے نمائندوں نے اپنے خطاب میں مسلمانوںکو رمضان کی مبارک باد دی اور کہا کہ رمضان المبارک تمام انسانوں کے لئے صبر کا مہینہ ہے اور اسی مہینہ کی برکت ہے کہ بنی نوع انسان ایک ساتھ مل کر بیٹھتے ہیں ۔ اور امن کے پیغام کو دنیا بھر میں پہنچاتے ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ دنیا کا کوئی بھی مذہب نفرت اور جنگ کی بات نہیں کرتا سب باہمی بھائی چارے اور امن کا درس دیتے ہیں۔ہمیں اپنے مذاہب کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے آپس میں بھائی چارے کی فضا کو قائم کرنا چاہیئے اور ایک دوسرے کے تہواروں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیئے تاکہ محبت قائم ہو سکے ۔