پیرس؛ بچے کو بچانے والے مسلمان تارک وطن کو فرانسیسی شہریت دیدی گئی
پیرس: فرانس کے شہر پیرس میں ایک مسلمان افریقی غیر قانونی تارک وطن نے 4 منزلہ عمارت کی بالکونی سے لٹکے بچے کو بچالیا جس کے بعد اسے ہیرو قرار دیتے ہوئے فرانسیسی صدر نے اسے ملکی شہریت دے دی۔
22 سالہ ماموڈو گساما کا تعلق افریقی ملک مالی سے ہے جو ہفتے کے روز پیرس کے گیئر ڈیو نورڈ ریلوے اسٹیشن سے گزر رہا تھا کہ اس نے ایک عمارت کے نیچے ہجوم دیکھا جو چوتھی منزل سے لٹکے ایک چار سالہ بچے کو دیکھ کر خوف زدہ ہورہا تھا۔ ماموڈو اپنی جان کی پروا کیے بغیر ہاتھوں کی مدد سے عمارت پر چڑھ گیا اور چوتھی منزل پر پہنچ کر بچے کو بچالیا۔ اس کے بعد لوگوں نے اسے "اسپائیڈرمین" کا نام دیا ہے۔ اس واقعے کے بعد ماموڈو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور عوام نے اس تارکِ وطن کو فرانسیسی شہریت اور میڈل دینے کی درخواست کی ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق اب فرانسیسی صدر نے بھی اس سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی ہے۔ پیرس کے ایک اخبار سے بات کرتے ہوئے ماموڈو نے بتایا کہ مجھے بچوں سے محبت ہے اور جب میں نے بالکونی سے گرتے بچے کو دیکھا تو سوچا کہ سیڑھیوں سے جانا بے کار ہوگا اسی لیے میں نے فوری طور پر ایک منزل سے دوسری منزل تک جانے کا فیصلہ کیا اور اپنے خطرے کو بھی نظرانداز کردیا۔ پیرس کی میئر اینے ہڈالگو نے بھی ماموڈو کو سراہا ہے۔ میئر پیرس نے اپنے ٹویٹ میں کہا، " ماموڈو گاساما کو مبارک باد جس نے گزشتہ شب اپنی بہادری سے ایک بچے کی جان بچائی۔ میں نے آج ہی اس سے فون پر بات کی اور اس کا شکریہ ادا کیا ہے۔" اینے ہڈالگو نے کہا ہے کہ وہ اس تارکِ وطن کو فرانسیسی شہریت دلوانے کی تائید کرتی ہیں۔ فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے ماموڈو گاساما سے ملاقات کی اور اسے فرانس کی شہریت دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ماموڈو کو آج سے فرانس کا شہری بنایا جارہا ہے جسے جلد فائر بریگیڈ میں نوکری بھی کی پیشکش کی جائے گی۔ دریں اثنا پیرس کی پولیس نے بچے کی حفاظت سے متعلق لاپروائی برتنے پر اس کے والد کو گرفتار کرلیا ہے جو بچے کو تنہا چھوڑ کر بازار سے سودا لینے کے لیے چلا گیا تھا۔