تارکین وطن کی خبریں
دنیا بھر میں پھیلے ہوئے لاکھوں پاکستانیوں کا کوئی ایک مشترکہ پلیٹ فارم نہ ہو نے کی وجہ سے ان کے مسائل میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے،ظہیر احمد مہر

بارسلونا(بیورو رپورٹ )دنیا بھر میں پھیلے ہوئے لاکھوں پاکستانیوں کا کوئی ایک مشترکہ پلیٹ فارم نہ ہو نے کی وجہ سے ان کے مسائل میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔

اوورسیز پاکستانی صرف پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ہی ادا نہیں کر رہے بلکہ پاکستان کے سافٹ امیج کے لئے دنیا بھر میں سفارت کاری کے فرائض بھی ادا کر رہے ہیں ۔تارکین وطن پاکستانی امریکہ میں ہو یورپ میں ہو یا مشرق وسطی میں مسائل کا شکار ہے اور مقامی معاشرہ کی نسبت اپنے ملک سے زیادہ جڑے ہوئے مسائل ہیں ائیر پورٹ سے لے کر گھر کی دہلیز تک مسائل کا سامنا ہے ہر دور کی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے مفاد کے لئے لولی پاپ دیا لیکن مسائل حل نہیں کئے۔

ان خیالات کا اظہار اوورسیز کمیشن کے نمائندہ امریکہ ظہیر احمد مہر نے بارسلونا میں مہر فرحان اختر اور چوہدری عمران اختر آف چھوکر کلاں کی جانب سے دئیے گئے عشائیہ کی تقریب سے خطاب میں کیا ۔انہو ں نے مزید کہا کہ کہ میں خود عرصہ دراز سے بیرون ملک مقیم ہو ں اور بذات کود اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہو ں اور وہ خدمت خلق کے جذبہ کے تحت اپنی بساط کے مطابق پاکستانیوں کو درپیش مسائل حل کرنے میں لھے ہوئے ہیں بیرون ملک ایک کروڑ پاکستانیوں کی فلاح وبہبود کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہو نے چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن لوٹ آیا ہے اب ملک سرمایہ کاری کے لئے مناسب ماحول ہے اور چینی سرمایہ کاروں کی طرح بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو بھی ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع دینے چاہیئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقامی مقررین نے ظہیر احمد مہر کو بارسلونا میں خوش آمدید کہا اور تارکین وطن کے مسائل پر روشنی ڈالی مقررین کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے جب پارلیمنٹ سینیٹ میں خواتین اور ٹیکنو کریٹس کی مخصوص نشستوں کی طرح اوورسیز پاکستانیوں کو بھی نمائندگی دی جائے ،مقررین نے اس بات پر بھی خدشہ کا اظہار کیا کہ 2018کے انتخابات میں اعلی عدلیہ کے حکم پر بھی تارکین وطن کو ووٹ کا حق ملتا نظر نہیں آرہا ۔حکومت وقت کوُاوورسیز پاکستانیوں کے اس جائز مطالبہ پر فوری عمل کرنا چاہئے ۔

مقررین نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کو یورپ اور دیگر ممالک میں پاکستانی ثقافت اور تجارت کو فروغ دینے کے لئے سفارت خانوں کے ساتھ مقامی پاکستانی کمیونٹی کو متحرک اور سہولیات فراہم کرنی چاہئے جس سے پاکستان کا سافٹ امیج اور تجارت بڑھ سکے۔

ظہیر احمد مہر نے پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نیویارک کے بعد بارسلونا کے پاکستانیوں نے محبت کا اظہار کیا جسےکبھی بھلایا نہیں جاسکتا ۔نیویارک کے پاکستانیوں کے بعد بارسلونا کے پاکستانی پاکستان کے سافٹ امیج اور ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں ۔

عشائیہ کی تقریب سے پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کئی شعبوں کی طرح صحافت کے لئے کام کرنا بھی مشکل ترین ہو تا جا رہا ہے اور ملک بھر میں صحافیوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے ملازمتوں کے تحفظ ،کنٹریکٹ سسٹم کے خاتمے اور آزادی صحافت کے لئے تمام صلاحتیتیں بروئے کار لائی جائیں گی۔ انہو ں نے کہا کہ ہمیں میڈیا اور اس سے وابستہ ورکرز کے مسائل کا بخوبی اندازہ ہے مسائل کے حل ،ملازمتوں‌کے تحفظ ،کنٹریکٹ سسٹم کے خاتمے ،صحافیوں کی تنخواہوں میں اضافہ ،مراعات کی فراہمی کے لئے بھر پور جدوجہد کی جائے گی انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کے نمائندگان کو تشدد کا نشانہ بنانے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور انہیں ان کے عہدوں سے معطل کیا جائے میڈیا کی ترقی کو برقرار رکھنے اور ان کی ازادی کے تحفظ کی ہماری مکمل حمایت جاری رکھیں گے

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا نعت رسول مقبول قدیر اے خان نے پیش کی۔ملی نغمہ جمی شیخ نے ترنم کے ساتھ پیش کرکے ماحول کو گرما دیا۔تقریب کی نظامت مرزا ندیم بیگ نے سر انجام دی ارشد رچیال صدر پاکستان پریس کلب لندن اور سلیم پرویز بٹ نے بھی تقریب میں شرکت کی


واپس جائیں