فرانس میں اردو کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات کررہے ہیں، معین الحق
پیرس (رضا چوہدری) فرانس میں اردو زبان کو فروغ دینے کے لیے پاکستانی سفارت خانہ ٹھوس اقدامات کی کوشش کررہا ہے تاکہ فرانس میں موجود پاکستانی کی دوسری نسل اپنے پاکستانی ورثہ، ثقافت اور تمدن سے منسلک رہ سکے۔ ان خیالات کا اظہار فرانس میں تعینات پاکستان کے سفیر معین الحق نے250فارغ التحصیل طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ ان طلبا نے ایک فرانسیسی غیر سرکاری تنظیم "انسانی تعمیر تربیت ساتھ مل کر" (EPDH) کے تحت اپنا تعلیمی سال2017-18ء مکمل کیا تھا۔ اس رنگا رنگ تقریب میں جین لوئس، مارسک میئر ویلیئیر لابیل، فرانسیسی اعلیٰ افسران، طالب علموں، والدین اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سفیر پاکستان نے پاکستانی نژاد خاتون نغمانہ کیانی جوکہ فرانسیسی غیر سرکاری تنظیم کی بانی ہیں، کی خاص طور پر تعریف کی جن کی انتھک محنت کی وجہ سے یہ تنظیم اقتصادی اور سماجی طور پر کمزور بچوں کو تعلیم اور سماجی طور پر مضبوط بنانے میں ایک اہم کردار ادا کررہی ہے۔ سفیر پاکستان نے تنظیم پر زور دیا کہ وہ فرانس میں اردو زبان کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرے، تاکہ اردو کو نہ صرف فرانسیسی افراد میں متعارف کرایا جاسکے بلکہ فرانس میں پیدا ہونے والے پاکستانی بچوں کو اردو زبان سکھائی جاسکے تاکہ وہ پاکستان میں اپنے عزیزوں اور پاکستان کے سماجی اور تمدنی اقدار سے بھی اپنا تعلق قائم رکھ سکیں۔ بعد میں سفیر پاکستان نے اعلیٰ کارکردگی کے حامل طلبا اور طالبات میں انعامات تقسیم کیے جن میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم نے سال2017-18ء کا اعلیٰ ترین طالب علم کا اعزاز حاصل کیا۔ EPDHجس کی بنیاد 2005ء میں ایک پاکستان نژاد خاتون نغمانہ کیانی نے رکھی تھی ہزاروں سماجی اور اقتصادی طور پر کمزور طالب علموں جن کا تعلق کنڈر گارڈن سے ہائی سکول تک ہے کو تعلیم و تربیت فراہم کررہی ہے، تاکہ وہ ایک بااعتماد اور ہنرمند فرد کی طرح معاشرہ میں اپنا تعمیری کردار ادا کرسکیں۔