جرمن پولیس کی طرف سے چھاپے، انسانوں کے تین مشتبہ اسمگلر گرفتار
تقریباﹰ آٹھ سو جرمن پولیس اہلکاروں نے انسانوں کے اسمگلروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین جرمن صوبوں میں ایک ساتھ چھاپے مارے۔ منگل کی صبح مارے گئے ان چھاپوں کے دوران تین مشتبہ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان میں سے دو جرمن جبکہ ایک روسی شہری ہے۔ ان پر مشرقی یورپی ملک مالدووا کے شہریوں کو رومانیہ کے جعلی پاسپورٹس پر اسمگل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس نیٹ ورک میں آسڑیا کی ایک سکیورٹی فرم کے وہ پانچ افراد بھی شامل ہیں، جو ایسے افراد کو بطور سکیورٹی گارڈز ملازمتیں فراہم کرتے تھے۔ پولیس گزشتہ اکتوبر سے اس بارے میں غیر اعلانیہ تفتیش جاری رکھے ہوئے تھی۔