تارکین وطن کی خبریں
تحریک منہاج القرآن اسپین کے زیراہتمام،بادالونا میں پرنور روحانی سالانہ شب بیداری

بارسلونا(بیورورپورٹ )پرنور روحانی سالانہ شب بیداری بسلسلہ شب براءت کا اہتمام تحریک منہاج القرآن بارسلونا کے زیراہتمام بادالونا میں کھلے مقام پر ہوا جس میں اہل اسلام اور عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔شب بیداری کے پہلے حصے میں نعت خوانی کا سلسلہ جاری رہا۔اس موقع پر سحری کے وقت تک نوافل اور وظائف کا سلسلہ بھی جاری رہا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ ظفر عباس طاہرنے کہا کہ شب برات کی رات اللہ تعالیٰ ندا دیتا ہے کہ ہے کوئی مجھ سے مانگنے والا کہ میں اس کی جھولیاں بھر دوں۔انہوں نے مزید کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا "شعبان میرا مہینہ ہے اور رمضان اللہ کا مہینہ ہے"مزید فرمایا کہ جو شعبان میں اچھی تیاری کرے گا اسکا رمضان اچھا گزرے گا اور وہ ماہ رمضان کی برکتوں اور سعادتوں سے لطف اندوز اور بہرہ مند ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ کہ جو لوگ اپنی جان کو اس مہینہ میں ریاضت و محنت پر تیار کر لیں گے وہ ماہ رمضان المبارک کی جملہ برکتوں اور سعادتوں کو کامیابی کے ساتھ حاصل کریں گے۔ اس بناء پر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ماہ رمضان کے بعد سال کے 12 مہینوں میں سب سے زیادہ روزے اس ماہ رکھتے تھے۔ اس ماہ کی ایک خاص امتیازی خصوصیت 15 شعبان المعظم کی رات ہے۔ اس رات کو اللہ نے "لیلۃ مبارکہ" "برکت والی رات" کہا ہے۔پروگرام کے شرکاء کے لئے آخر میں سحری کا اہتمام کیا گیا۔اکثر شرکاء نے پر تکلف سحری کی اور روزہ رکھا۔تقریب کے اختتام پر شب برات کی محفل کا اختتام محفل ذکر اور درود و سلام سے ہوا۔ پروگرام کے اختتام پر خصوصی دعا کی گئی جس میں امت مسلمہ، پاکستان کی سلامتی اور اس مبارک رات کے صدقہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحت و تندرستی، حاضرین کی جائز حاجات، بیماروں کی شفایابی، قرض داروں کی خلاصی قرض اور تمام امت مسلمہ جو اس دنیا سے رخصت ہو چکی کے درجات کی بلندی کے لئے دعائے خیر کی گئی۔


واپس جائیں