دعوت اسلامی اسپین کے زیر اہتمام عظیم الشان اجتماع ذکر ونعت،شہزادہ عطار حضرت مولانا الحاج ابو اسید عبید رضا عطاری مدنی کا خصوصی خطاب
بارسلونا(بیورورپورٹ) دعوت اسلامی کے امیر مولانا الیاس قادری کے صاحبزادے مولانا عبید رضا عطاری المدنی کی سربراہی میں "شب برات " کے حوالے سے اہم تقریب بارسلونا میں منعقد ہوئی۔تقریب سے صاحبزادہ مولانا عبید رضا عطاری المدنی کے علاوہ مبلغ دعوت اسلامی اور رکن شوریٰ حاجی محمد اظہر عطاری نے بھی خطاب کیا۔"شب برات " کے حوالے سے اہم تقریب بارسلونا کے معروف میوزیم مارتیم میں ہوئی،جس میں ہزاروں فرزندان توحید نے شرکت کی۔صاحبزادہ مولانا عبید رضا عطاری المدنی نے کہا کہ پندرہ شعبان یعنی شب برات سے متعلق مختلف صحابہ کرام سے روایات مروی ہیں جن کا خلاصہ یہ ہے کہ اس رات اللہ ربّ العزت کی خصوصی رحمتوں کا نزول ہوتا ہے، نیز اس رات عبادت کرنا، اس سے اگلے دن یعنی پندرہ شعبان کو روزہ رکھنا اور حدود شریعہ میں رہتے ہوئے ایصال ثواب کرنا اتنا احادیث سے ثابت ہے۔اس موقع پر مولانا عبید رضا عطاری المدنی نے شرکاء تقریب کو شریعت وسنت کا پابند رہنے ، احکام شریعہ پر قائم رہنے ، گناہوں سے بچنے اور دعوت اسلامی کے ساتھ بھر پور تعاون کرنے کی تاکید کی۔ صاحبزادہ مولانا عبید رضا عطاری نے کہا ہے کہ کسی کی اصلاح کرنا دنیا اور اس میں جو کچھ بھی ہے اس سے بہتر ہے ،کسی کو دین کی طرف لانے کیلئے اس کے پاس چل کر جانا ہوگا اور اسکے لئے مدنی قافلے بہترین ذریعہ ہیں، نیکی کی دعوت کو عام اورمعاشرے کی اصلاح کیلئے مدنی قافلوں میں سفر کیا جائے، گناہوں سے خود بھی بچیں اور اپنے اہلخانہ کو بھی بچائیں۔ تقریب میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مبلغ دعوت اسلامی اور رکن شوریٰ حاجی محمد اظہر عطاری نے کہا کہ ہمیں اپنے تمام اختلافات بھلاکراپنے پیارے وطن میں امن واستحکام کے لئے مثالی کرداراداکرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سا لمیت اورترقی اورامن واستحکام ہی ہم سب کی اولین ترجیح ہے۔آخر میں دعا بھی کی گئی اور ملکی ترقی اور استحکام کیلئے بھی دعائیں مانگیں گئیں ۔