تارکین وطن کی خبریں
اولڈہم کونسل کی8نشستوں پرپاکستانی نژاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں

برطانیہ بھر کی طرح تین مئی کےبلدیاتی انتخابات کیلئےاولڈہم میں بھی سیاسی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی۔ اولڈہم کونسل کی 20نشستوں پر 90 امیدوار مختلف پارٹیوں سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جن میں 8 پاکستان نژاد امیدوار بھی شامل ہیں۔ لیبر پارٹی نے چھ امیدواروں جبکہ لب ڈیم اور کنزرویٹو سے ایک ایک امیدوار انتخابات میں حصہ لیں گے۔ اولڈہم کونسل پر گزشتہ کئی دہائیوں سے لیبر پارٹی کامیابی حاصل کر تی ہے اور اسے لیبر کا سیف ہاؤس تصور کیا جاتاہے۔ اس بار بھی یہی امید کی جا رہی ہے کہ لیبر اپنی نشستوں کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے گی۔ پاکستان نژاد امیدواروں میں کونسلر یاسمین طور، سابق مئیر شعیب اختر، سابق مئیر ریاض احمد، کونسلر عقیل سلامت اور کونسلر شاہد مشتاق اپنی نشستوں کا دفاع کریں گے جبکہ عروج شاہ، راجہ لیاقت اور سجاد حسین بھی انتخابات میں قسمت آزمائیں گے۔ اولڈہم کی الیگزینڈرا وارڈ میں دو پاکستانی نژاد امیدواروں لب ڈیم کے راجہ لیاقت اور لیبر کے شاہد مشتاق کے مابین کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔

راجہ لیاقت کا کہنا تھا کہ لیبر پارٹی عوام کو بنیادی ریلیف فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ تعلیم، صحت، صفائی سمیت تمام شعبوں میں کام کی ضرورت ہے۔ اگر عوام نے اعتماد کیا تو لب ڈیم پارٹی کے منشور کے تحت اولڈہم میں بہتر کام کر کے دکھاؤں گا۔ دوسری جانب لیبر پارٹی کے پاکستان نژاد امیدواروں کی ڈور ٹو ڈور کمپین کا سلسلہ بھی جاری ہے جس میں ایم پی جم مکموہن اور دیگر پارٹی ورکرز نے شرکت کی۔ سابق مئیر اولڈہم ریاض احمد کا کہنا تھا کہ لیبر پارٹی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ کٹس کے باوجود بہترین حکمت عملی سے خدمت کی، صفائی سڑکوں اور تعلیم کے مسائل کو مزید بہتر طریقے سے حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ 2010 میں پہلی مسلمان خاتون کونسلر منتخب ہونے والی لیبر کونسلر یاسمین طور کا کہنا تھا کہ اولڈہم میں بہت تبدیلیاں آئی ہیں اور آئندہ بھی ان مثبت تبدیلیوں کا حصہ بنتے رہیں گے۔ اولڈہم کی عوام نے ہمیشہ لیبر پر اعتماد کیا ہے اور امید ہے عوام اس بار بھی ہمارا ساتھ دیں گے۔


واپس جائیں