علامہ حسنات بخاری کی زیر صدارت عظیم الشان معراج النبی کانفرنس سے پیر سلطان فیاض الحسن کا خصوصی خطاب
برسلز (عظیم ڈار ) یورپین دارالخلافہ برسلز کے مشہور اسلامی مرکز جامعہ مدینتہ الرسول میں عظیم الشان معراج النبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) کانفرنس منعقد ہوئی . جس کی صدارت نامور مذہبی اسکالر ، مبلغ اسلام علامہ پیر سید حسنات احمد بخاری نے کی . جبکہ کانفرنس کے مہمان خصوصی آستانہ عالیہ سلطان باہو کے سجادہ نشین صاحبزادہ پیر سلطان فیاض الحسن قادری سروری نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے سرکار دوعالم صلی الله علیہ وآلہ وسلم کے معجزہ معراج پر تفصیل سے روشنی ڈالی . انہوں نے کہا کہ معراج ایسا عظیم معجزہ ہے جو کہ حضور رحمت عالم صلی الله علیہ والہ وسلم کے علاوہ کسی کو عطا نہیں کیا گیا . اس کانفرنس میں علامہ سید افتخار حسین شاہ خطیب ہالینڈ ، مولانا حافظ انصر نورانی اور دیگر علماء کرام نے بھی خطاب کیا . جبکہ ملک افتخار احمد ، حاجی عبدالرشید ، حافظ یاسر ، محمد خاور ، جاوید حسین شاہ اور دیگر نے گلہائے عقیدت پیش کیے . درود و سلام کے بعد امت مسلمہ اور پاکستان کی سالمیت کے لیے خصوصی دعا کی گئی . لنگر شریف کا انتظام اظہر دستگیر کی طرف سے کیا گیا تھا بعد ازاں شرکاء کی لنگر شریف سے تواضع کی گئی